پاکستان تحریک انصاف کے بانی عمران خان نے کہا ہے کہ 21 ستمبر کو لاہور میں ہر صورت جلسہ ہوگا، اگر ہمیں روکا گیا تو جیلیں بھر دیں گے۔
اڈیالہ جیل میں صحافیوں سے غیررسمی گفتگو کرتے ہوئے انہوں نے کہاکہ آئینی ترمیم کا مقصد قاضی فائز عیسیٰ کو فائدہ پہنچانا ہے، موجودہ حالات میں ان جیسا ڈفر اور کم عقل کوئی اور نہیں۔
یہ بھی پڑھیں پی ٹی آئی کا لاہور جلسہ روکنے کے لیے ہائیکورٹ میں درخواست دائر
انہوں نے کہاکہ مجوزہ آئینی ترمیم کا مقصد عدلیہ کو ختم کرنا ہے، کیونکہ یہ سب ڈرے ہوئے ہیں۔ آئینی ترمیم مشاورت سے آنی چاہیے تھی، اس وقت جو کچھ ہورہا ہے، یہ سب غیرقانونی ہے۔
بانی پی ٹی آئی نے کہاکہ آئینی ترمیم کے پیچھے حکمرانوں کی نیت سب جان چکے ہیں، یہ اصل میں سپریم کورٹ کو ختم کرنے جارہے ہیں۔
’جب آزادی تباہ ہوجائے تو لوگ غلام بن جاتے ہیں‘
انہوں نے کہاکہ سپریم کورٹ کو تباہ کرنا جمہوریت کو تباہ کرنا ہے، اور جمہوریت کو تباہ کرنا آزادی کو تباہ کرنا ہے، جب آزادی تباہ ہوجائے تو لوگ غلام بن جاتے ہیں۔
بانی پی ٹی آئی نے کہاکہ لائن کے ایک طرف وہ لوگ کھڑے ہیں جو ووٹ کو عزت دینے کی بات کرکے بوٹ کو عزت دے رہے ہیں۔
انہوں نے کہاکہ راولپنڈی کے کمشنر نے بالکل درست کہا تھا کہ قاضی فائز عیسیٰ اور چیف الیکشن کمشنر 8 فروری کے انتخابات میں ملے ہوئے تھے، چیف جسٹس نے دھاندلی کو مکمل تحفظ دیا۔
انہوں نے کہاکہ ٹرائل کے بغیر لوگ ایک ایک سال سے جیلوں میں پڑے ہوئے ہیں، 8 فروری کا فراڈ الیکشن بنیادی حقوق کی سب سے بڑی خلاف ورزی ہے۔ اب یہ امپائروں کو توسیع دینا چاہتے ہیں تاکہ ایکسپوز نہ ہوسکیں۔
’پاکستان کا مستقبل سرمایہ کاری سے جڑا ہوا ہے‘
عمران خان نے کہاکہ پاکستان کا مستقبل سرمایہ کاری سے جڑا ہوا ہے، 4 ہزار پاکستانی کمپنیوں نے 6 ماہ کے دوران دبئی چیمبر میں رجسٹریشن کروائی ہے۔
انہوں نے کہاکہ محسن نقوی کا 5 ملین ڈالر بیرون ملک پڑا ہے، اس کا کون سا کاروبار ہے، اب تو منی لانڈرنگ کو بھی جائز قرار دے دیا گیا۔
افغان قونصل جنرل کی جانب سے قومی ترانے کی بے ادبی سے متعلق پوچھے گئے سوال کے جواب میں انہوں نے کہاکہ ملک میں اور بہت سے مسئلے چل رہے ہیں، یہ کوئی ایشو نہیں۔
یہ بھی پڑھیں آئینی ترمیم کا مقصد صرف مجھے جیل میں رکھنا ہے، عمران خان
مولانا فضل الرحمان کی پی ٹی آئی لیڈر شپ سے ملاقات کے حوالے سے پوچھے گئے سوال کے جواب میں عمران خان نے صحافی کو کہاکہ آپ مجھے ٹریپ کرنا چاہتے ہو۔