آزاد کشمیر کے ضلع حویلی کہوٹہ میں نامعلوم افراد کی جانب سے 12 بور شاٹ گن سے کی گئی فائرنگ کے نتیجے میں زخمی ہونے والی مادہ تیندوا جاں بر نہ ہوسکی۔
یہ بھی پڑھیں: آزاد کشمیر: ریسکیو کی گئی مادہ تیندوے کو کتنی گولیاں لگیں، اب حالت کیسی ہے؟
اسلام آباد وائلڈ لائف منیجمنٹ بورڈ کے مطابق مادہ تیندوے کو چند ہفتے پہلے ریسکیو کیا گیا تھا اور اسے لگنے والی 4 میں سے ایک گولی نکال بھی لی گئی تھی تاہم جسم میں موجود مزید 3 گولیاں اس کی موت کی وجہ بنی۔
یہ مادہ تیندوا کہوٹہ ریسٹ ہاؤس کے قریب نالے میں زخمی حالت میں پائی گئی تھی۔
مادہ تیندوے کو 12 بور شاٹ گن سے گولیاں ماری گئی تھیں۔ 2 گولیاں اس کی ریڑھ کی ہڈی اور دل کے قریب تھیں اور اس کا علاج جاری تھا۔
مزید پڑھیے: ’جدید دور میں بھی رسیوں کی مدد سے تیندوے کو پکڑا جا رہا ہے‘ زخمی تیندوے کو ریسکیو کرنے پر صارفین کے تبصرے
آزاد کشمیر کے محکمہ جنگلی حیات نے ملزموں کے خلاف قانونی کارروائی کا آغاز کردیا ہے۔ مادہ تیندوے کو حنوط کرنے کی غرض سے پاکستان میوزیم آف نیچرل ہسٹری منتقل کر دیا گیا ہے۔
اسلام آباد وائلڈ لائف منیجمنٹ بورڈ نے آزاد جموں کشمیر کے محکمہ جنگلی حیات کو تیندوے کی موت سے متعلق آگاہ کر دیا ہے۔
واضح رہے کہ آزاد کشمیر کے محکمہ وائلڈ لائف کی ٹیم نے جال کی مدد سے تیندوے کو گھنٹوں کی مشقت کے بعد پکڑا تھا اور زخمی تیندوے کو ویٹرنری اسپتال کہوٹہ میں منتقل کر دیا گیا جہاں اسے ابتدائی طبی امداد فراہم کی گئی تھی۔ بعد ازاں مادہ تیندوا آزاد جموں و کشمیر سے آئی ڈبلیو ایم بی کے ریسکیو سینٹر میں لائی گئی۔
مزید پڑھیں: کیرتھر نیشنل پارک: گاؤں والوں نے تیندوا ماردیا، 2 افراد پر مقدمہ
ڈائریکٹر وائلڈ لائف مینجمنٹ بورڈ رینا سعید نے تیندوے کی حالت کے حوالے سے وی نیوز کو بتایا تھا ایکس ریز کے ذریعے اس کے جسم میں 4 گولیوں کی موجودگی ظاہر ہوئی تھی۔
ڈائریکٹر بورڈ نے بتایا کہ نامعلوم ملزمان کے خلاف ایف آئی آر درج کرنے کے لیے درخواست بھی جمع کروادی گئی ہے۔