پاکستان تحریک انصاف کے چیئرمین اور سابق وزیر اعظم عمران خان اور ان کی اہلیہ بشریٰ بی بی کے خلاف عدت کے دوران نکاح کے الزام کے کیس میں نکاح خوان مفتی محمد سعید کا عدالت میں جمع کروایا گیا بیان سامنے آگیا۔
نکاح خوان مفتی محمد سعید نے نکاح سے متعلق بیان 18جنوری 2023 کو دیا۔ اپنے بیان میں مفتی سعید نے کہا کہ جنوری 2018 میں لاہور کے علاقے ڈیفنس میں انہوں نے عمران خان اور بشریٰ بی بی کا نکاح پڑھایا تھا اور عون چوہدری اور ذلفی بخاری بطور گواہان نکاح کی تقریب میں شریک ہوئے تھے۔
مفتی سعید نے بیان میں کہا کہ انہوں نے نکاح سے قبل دریافت کیا تھا کہ بشرٰی بی بی شرعی طور پر نکاح کے قابل ہیں یا نہیں جس پر بشرٰی بی بی کے ہمراہ موجود خواتین کا اثبات میں جواب ملنے کے بعد ان کا نکاح عمران خان سے پڑھادیا۔
عمران خان اور بشریٰ بی بی کا نکاح دو مرتبہ پڑھائے جانے کا انکشاف
مفتی سعید نے بتایا کہ بعد میں مختلف ذرائع سے معلوم ہوا کہ بشرٰی بی بی نے سابقہ شوہر سے طلاق کے بعد عدت پوری نہیں کی جس کے بعد انہوں نے ایک ماہ بعد عمران خان اور بشریٰ بی بی کو دوبارہ طلب کیا اور بشرٰی بی بی کا شرعی طور پر عدت پوری ہونے کے بعد دوبارہ نکاح پڑھایا۔
یاد رہے کہ عمران خان اور ان کی اہلیہ بشریٰ بی بی کے خلاف دوران عدت نکاح کرنے پر کارروائی کے لیے اسلام آباد کے شہری محمد حنیف نے اسلام آباد کی سیشن کورٹ میں درخواست دائر کی ہے۔خاور مانیکا کی سابق اہلیہ بشریٰ بی بی کے بارے میں الزام ہے کہ عمران خان کے عقد میں آنے کے موقع پر ان کی عدت کی میعاد ختم نہیں ہوئی تھی جو کہ شرعاً جائز نہیں۔
شہری کی جانب سے دائر کی گئی درخواست پر سینیئر سول جج نصر من اللہ 8 اپریل کو سماعت کریں گے جبکہ درخواست گزار کی جانب سے بیان قلمبند کروا دیا گیا ہے۔ درخواست گزار نے لاہور میں پڑھائے گے نکاح کی کاپی بھی درخواست کے ساتھ منسلک کی ہے۔ درخواست میں عمران خان ، بشریٰ بی بی اور اسٹیٹ کو فریق بنایا گیا ہے۔