افغانستان کی تاریخی فتح، جنوبی افریقہ کو 117 رنز سے شکست دے کر پہلی بار سیریز جیت لی

ہفتہ 21 ستمبر 2024
icon-facebook icon-twitter icon-whatsapp

افغانستان نے رحمان اللہ گرباز کی جارحانہ سنچری اور راشد خان کی 5 وکٹوں کی بدولت جنوبی افریقہ کو 177 رنز سے شکست دے کر 3 ون ڈے میچوں کی سیریز اپنے نام کرلی اور ساتھ ہی دُنیائے کرکٹ کی تاریخ میں بڑا اَپ سیٹ بھی  کر دیا۔

متحدہ عرب امارات کے شہر شارجہ میں کھیلی جانے والی 3 ایک روزہ میچوں کی سیریز کے دوسرے ون ڈے میچ میں افغانستان نے جنوبی افریقہ کو آؤٹ کلاس کر دیا، جنوبی افریقہ کو پہلی بار افغانستان کے ہاتھوں 117 رنز کے بڑے مارجن سے شکست کا سامنا کرنا پڑا۔

رحمان اللہ گرباز نے 105 رنز کی شاندار اننگز کھیلی،جس میں 10 چوکے اور 3چھکے شامل تھے۔ یہ 22 سالہ گرباز کے ون ڈے کیریئر کی ساتویں سنچری تھی، جس سے وہ اس سنگ میل تک پہنچنے والے پہلے افغان کھلاڑی بن گئے۔ رحمان اللہ گربازکی شاندار سنچری اور عظمت اللہ عمرزئی کے جارحانہ 86 رنز کی بدولت افغانستان نے ٹاس جیت کر پہلے کھیلتے ہوئے 4 وکٹوں کے نقصان پر 311 رنز بنائے۔

سیریز کا پہلا میچ 6 وکٹوں سے جیتنے کے 2 دن بعد افغان ٹیم نےپروٹیزکو 134 رنز پر ہی ڈھیر کر دیا جس میں راشد خان نے 19 رنز دے کر 5 وکٹیں حاصل کر کے پروٹیز کی بیٹنگ لائن کی کمر توڑ کر رکھ دی۔ راشد خان کا ساتھ ساتھی اسپنر ننگیلیا کھروٹے نے بھی خوب دیا جنہوں نے 26 رنز دے کر 4 وکٹیں حاصل کیں۔

رحمان اللہ گرباز اور ریاض حسن نے پہلی وکٹ کی شراکت میں 88 رنز بنائے، ریاض حسن کے آؤٹ ہونے کے بعد رحمت شاہ نے گرباز کے ساتھ مل کر 101 رنز کی شراکت قائم کی، عظمت اللہ عمرزئی نے 50 گیندوں پر 86 رنز کی ناقابل شکست اننگز کھیلی جس میں 6 چھکے بھی شامل تھے۔

مہمان افریقی ٹیم نے 3 وکٹوں کے نقصان پر 103 رنز بنائے تھے جس میں کپتان ٹیمبا باووماکے 47 گیندوں پر 38 رنزشامل تھے لیکن جنوبی افریقہ نے اپنی آخری 7وکٹیں محض 31 رنز پر ہی گنوا دیں۔

بیٹنگ کے دوران ہیمسٹرنگ انجری کا شکار ہونے کے باوجود راشد خان نے 9 اوورز میں 19 رنز دے کر 5 وکٹیں حاصل کیں جبکہ بائیں ہاتھ کی اسپنر ننگیلیا کھروٹے نے 26 رنز دے کر 4 وکٹیں حاصل کیں۔

آپ اور آپ کے پیاروں کی روزمرہ زندگی کو متاثر کرسکنے والے واقعات کی اپ ڈیٹس کے لیے واٹس ایپ پر وی نیوز کا ’آفیشل گروپ‘ یا ’آفیشل چینل‘ جوائن کریں

icon-facebook icon-twitter icon-whatsapp