چین کے وزیر خارجہ وانگ یی نے اپنے لبنانی ہم منصب عبداللہ بو حبیب کو بتایا کہ بیجنگ خودمختاری اور سلامتی کے تحفظ میں لبنان کی بھرپور حمایت کرتا ہے اور اسرائیل کے حالیہ حملوں کی شدید مذمت کرتا ہے۔
چین کی وزارت خارجہ نے وانگ کے حوالے سے بتایا ’ہم خطے میں ہونے والی پیش رفت، خاص طور پر لبنان میں مواصلاتی آلات کے حالیہ دھماکوں پر پوری نظر رکھے ہوئے ہیں اور شہریوں کے خلاف بلاامتیاز حملوں کی سختی سے مخالفت کرتے ہیں‘۔ واضح رہے کہ چینی اور لبنانی وزرائے خارجہ کی ملاقات نیویاک میں منعقدہ اقوام متحدہ کے اجلاس کے موقع پر ہوئی۔
وانگ یی اپنے بیان میں مزید کہا کہ چین انصاف اور لبنان سمیت عرب بھائیوں کے ساتھ کھڑا رہے گا۔
یاد رہے کہ اسرائیل نے لبنان میں حزب اللہ کے ٹھکانوں اور شہری آبادی پر بمباری کر کے 35 بچوں سمیت 492 افراد کو شہید کر دیا ہے۔ لبنان کی وزارت صحت نے تصدیق کی ہے کہ پیر کو اسرائیلی حملوں میں شہید ہونے والوں کی تعداد 492 ہو گئی ہے جن میں 35 بچے بھی شامل ہیں۔