گورنر اور وزیراعلیٰ پنجاب میں کشیدگی شدت اختیار کرگئی، گورنر ہاؤس سے وائس چانسلرز تعیناتی کی 13 سمریاں مسترد

منگل 24 ستمبر 2024
icon-facebook icon-twitter icon-whatsapp

پنجاب میں مختلف یورنیورسٹیوں کے وائس چانسلرز کی تعیناتی کے معاملے میں گورنر پنجاب سردار سلیم حیدر اور وزیراعلیٰ پنجاب مریم نواز شریف کے مابین کشیدگی شدت اختیار کرگئی ہے۔ گورنر پنجاب نے وائس چانسلرز کی تعیناتی کے لیے بھیجی گئی تمام 13 سمریاں مسترد کردی ہیں۔

ذرائع نے وی نیوز کو بتایا ہے کہ گورنر سردار سلیم حیدر نے تمام سمریاں مسترد کرنے کی وجوہات بھی صوبائی حکومت کو ارسال کی ہیں۔ پنجاب حکومت نے گزشتہ روز 7 یونیورسٹیوں کے وائس چانسلرز کی تقرریاں کی تھیں۔ صوبائی حکومت نے 14 روز کی مقررہ مدت مکمل ہونے کا جواز بنا کر تقرریاں کی تھیں۔

مزید پڑھیں:ن لیگ سے اتحاد ایک بھیانک تجربہ ہے، گورنر پنجاب سلیم حیدر
گورنر سردار سلیم حیدر نے تعینات کیے گئے وائس چانسلرز سمیت تمام سمریاں مسترد کرتے ہوئے جواب دیا ہے کہ صوبائی حکومت وائس چانسلر کے لیے 3 نام تجویز کرسکتی ہے، کسی کی سفارش نہیں کرسکتی۔ 6 یونیورسٹیز کے وائس چانسلرز کی تقرری کے لیے بھیجی گئی سمریوں کی 14 روزہ مدت مکمل نہیں ہوئی۔

ذرائع گورنر ہاؤس کے مطابق ابھی 14 سے زائد یونیورسٹریوں کے وائس چانسلرز کی تقرری باقی ہے، کسی بھی یونیورسٹی میں میرٹ سے ہٹ کر وائس چانسلر کی تقرری نہیں ہوگی۔ صوبائی حکومت نے پنجاب یونیورسٹی، یونیورسٹی آف گجرات اور بہاوالدین زکریا یونیورسٹی سمیت 7 وائس چانسلرز کی تقرریاں کی تھیں۔

آپ اور آپ کے پیاروں کی روزمرہ زندگی کو متاثر کرسکنے والے واقعات کی اپ ڈیٹس کے لیے واٹس ایپ پر وی نیوز کا ’آفیشل گروپ‘ یا ’آفیشل چینل‘ جوائن کریں

icon-facebook icon-twitter icon-whatsapp