کینیڈین پارلیمنٹ کی بھارتی نژاد رکن نے پاکستان تحریک انصاف (پی ٹی آئی) کے بانی چیئرمین عمران خان کی رہائی اور پاک فوج کی اعلیٰ قیادت پر پابندیاں عائد کرنے کا مطالبہ کرتے ہوئے پاکستان کے لیے آئی ایم ایف کے قرض کو صاف اور شفاف نئے انتخابات کے انعقاد سے مشروط کرنے سے متعلق قرارداد پارلیمنٹ میں پیش کی ہے۔
پی ٹی آئی کینیڈا نے سماجی رابطے کی ویب سائٹ ’ایکس‘ پر بھارتی نژاد رکن پارلیمنٹ روبی سہوتا کی قرارداد پیش کرنے کی ویڈیو شیئر کی ہے، جس میں خاتون رکن پارلیمنٹ کو کہتے سنا جاسکتا ہے کہ وہ یہ قرارداد پاکستانی کینیڈین شہریوں کے ایما پر پیش کررہی ہیں۔
یہ بھی پڑھیں: عمران خان کی قید عالمی قوانین کی خلاف ورزی، فوری رہا کیا جائے، یو این ورکنگ گروپ
روبی سہوتا نے کہا کہ پاکستانی کینیڈین شہریوں کو پاکستان میں منتخب جمہوری حکومت کو غیرمنصافانہ طریقے سے ہٹائے جانے اور سابق وزیراعظم عمران خان کی گرفتاری کے بعد ملک میں پھیلنے والی سیاسی بے چینی پر گہرے تحفظات ہیں۔
روبی سہوتا نے اپنی قرارداد میں پاک فوج کے خلاف ہرزہ سرائی کرتے ہوئے کہا کہ دنیا بھر میں صاف اور شفاف انتخابات کے فروغ کے لیے کردار ادا کرنے والی کینیڈین حکومت کو پاکستان کے ’کرپٹ‘ اعلیٰ فوجی افسران پر پابندیاں عائد کرنے کے لیے اقدامات کرنے چاہئیں اور (پاکستان میں) انسانی حقوق کی خلاف ورزی کرنے والوں کے کینیڈا سفر پر بھی پابندیاں عائد کی جانی چاہئیں۔
Ruby Sahota, Member of Parliament and Chief Whip of Canada, presented a petition today on behalf of Pakistani Canadians who are deeply concerned about the political turmoil in the country, following the unjust removal of a democratically elected government and subsequent arrest… pic.twitter.com/lRYbxxaPDt
— PTI Canada Official (@PTIOfficialCA) September 24, 2024
روبی سہوتا نے کہا کہ کینیڈین حکومت کو چاہیے کہ وہ آئی ایم ایف سے کہے کہ وہ پاکستان کے لیے قرض کو نئے صاف اور شفاف انتخابات کے انعقاد سے مشروط کرے جو رواں برس منعقد ہوں اور ان انتخابات میں تمام اپوزیشن اور سیاسی جماعتیں حصہ لے سکیں۔
یہ بھی پڑھیں: ڈونلڈ لو کے بیان کے دوران امریکی شہری کا عمران خان کی رہائی کا مطالبہ، ویڈیو وائرل
واضح رہے کہ روبی سہوتا کی جانب سے قرارداد ایک ایسے وقت پر پیش کی گئی ہے جب آئی ایم ایف کے ایگزیکٹو بورڈ کا اجلاس آج ہورہا ہے جس میں پاکستان کے لیے 7 ارب ڈالر قرضے کی منظوری پر غور کیا جائے گا اور قوی امکان ہے کہ پاکستان کے لیے آج قرض کی منظوری ہوجائے گی۔
یہ پہلا موقع نہیں کہ جب پاکستان کے لیے قرض کی فراہمی نئے انتخابات، انسانی حقوق اور عمران خان کی رہائی سے مشروط کی گئی ہو۔ رواں برس جولائی میں بھی اقوام متحدہ کے انسانی حقوق کے ورکنگ گروپ نے عمران خان کی گرفتاری کو نین الاقوامی قوانین کی خلاف ورزی قرار دیتے ہوئے ان کی فوری رہائی کا مطالبہ کیا تھا۔