گورنر خیبرپختونخوا فیصل کریم کنڈی نے کہا کہ سوات کے علاقے مالم جبہ میں غیر ملکی سفیروں پر حملے کا واقعہ صوبائی حکومت کی غفلت کے باعث پیش آیا، ان تمام واقعات کے بعد صوبائی حکومت نے کوئی اجلاس نہیں بلایا۔ صوبے کی صورتحال امن و امان کے حساب سے گھمبیر ہے۔
پشاور میں میڈیا سے گفتگو کرتے ہوئے گورنر خیبرپختونخوا فیصل کریم کنڈی نے کہا کہ پاڑا چنار میں خون کی ہولی کھیلی جا رہی ہے، اور صوبائی حکومت نے مجرمانہ خاموشی اختیار کر رکھی ہے، اراکین صوبائی اسمبلی میں افسران سے بات کرنے کی تمیز ہی نہیں ہے۔
مزید پڑھیں: پی ٹی آئی والے دوسرا 9 مئی کرنا چاہتے ہیں، گورنر خیبرپختونخوا
گورنر خیبرپختوںخوا کا کہنا تھا کہ پاکستان تحریک انصاف (پی ٹی آئی) حکومت کا سب سے بڑا کارنامہ بی آر ٹی سب سے زیادہ کرپشن کا شکار ہے، ان کے پاس اور کچھ ہے ہی نہیں بس مشیر بناتے جا رہے ہیں، اور صوبے میں دہشتگردی کے واقعات میں اضافہ ہورہا ہے۔
انہوں نے کہا کہ صوبائی حکومت کے پاس شہریوں کے تحفظ کے لیے کوئی ایجنڈا نہیں، خیبرپختونخوا میں امن وامان کی صورتحال مخدوش ہے، حکومت نے تعلیم کا بیڑا غرق کردیا ہے۔
فیصل کریم کنڈی نے کہا کہ وزیراعلیٰ خیبرپختونخوا کے اپنے علاقے میں امن وامان نہیں ہے، کرم ایجنسی کی صورتحال کیا ہے سب کو معلوم ہے، گزشتہ روز کرم ایجنسی کے عمائدین میرے پاس آئے تھے۔
یہ بھی پڑھیں: ہم جمہوری لوگ، نہیں چاہتے کہ صوبے میں گورنر راج لگے، گورنر خیبرپختونخوا فیصل کریم کنڈی
ان کا کہنا تھا کہ صوبائی حکومت دہشتگردی کے خلاف کوئی کام نہیں کررہی، ڈیرہ اسماعیل خان سے سوات تک دہشتگردی ہورہی ہے۔ صوبائی حکومت بس یہی سوچ رہی ہے کہ کہاں دھرنا دینا ہے۔