سعودی عرب میں غیر ملکی سیاحوں کی تعداد میں نمایاں اضافہ

اتوار 29 ستمبر 2024
icon-facebook icon-twitter icon-whatsapp

سعودی عرب کی وزارت سیاحت نے عالمی یوم سیاحت کے موقع پر اعلان کیا ہے کہ مملکت نے جنوری سے جولائی 2024 تک کے دوران 17.5 ملین غیر ملکی سیاحوں کو خوش آمدید کہا ہے۔ یہ تعداد گزشتہ سال 2023 کی اسی مدت کے مقابلے میں 10 فیصد زیادہ ہے، جبکہ 2019 کی اسی مدت کے مقابلے میں 73 فیصد کا اضافہ ظاہر کرتی ہے۔

وزارت کے مطابق، رواں سال کے ابتدائی سات ماہ میں 4.2 ملین سیاح تفریحی اور تعطیلاتی مقاصد کے لیے سعودی عرب آئے، جو گزشتہ سال 2023 کی اسی مدت کے مقابلے میں 25 فیصد اور 2019 کے مقابلے میں 656 فیصد کا حیرت انگیز اضافہ ہے۔

مزید پڑھیں:سعودی عرب میں غیر ملکیوں کی تعداد سوا کروڑ تجاوز کرگئی، کتنے پاکستانی؟

یہ سیاحتی شعبے کی نمایاں ترقی سعودی عرب کے ویژن 2030 کے تحت کی جانے والی حکمت عملیوں کی کامیابی کا ثبوت ہے، جس کا مقصد ایک پائیدار سیاحتی شعبہ قائم کرنا ہے۔ مملکت نے 2023 میں 100 ملین سیاحوں کے ہدف کو سات سال قبل ہی حاصل کر لیا ہے۔

وزارت نے مزید وضاحت کی کہ بین الاقوامی سطح پر سعودی عرب نے اپنی سیاحتی حیثیت کو مضبوط کرتے ہوئے اقوام متحدہ کی فہرست میں بین الاقوامی سیاحوں کی تعداد میں اضافے کے لحاظ سے پہلی پوزیشن حاصل کی ہے۔ اقوام متحدہ کی تازہ ترین رپورٹ (سیاحت کا عالمی بارومیٹر ستمبر 2024) کے مطابق، سعودی عرب نے جی 20 ممالک میں بین الاقوامی سیاحوں کی تعداد اور سیاحت کی آمدنی میں اضافے کے اشاریوں میں بھی اولین پوزیشن حاصل کی ہے۔

آپ اور آپ کے پیاروں کی روزمرہ زندگی کو متاثر کرسکنے والے واقعات کی اپ ڈیٹس کے لیے واٹس ایپ پر وی نیوز کا ’آفیشل گروپ‘ یا ’آفیشل چینل‘ جوائن کریں

icon-facebook icon-twitter icon-whatsapp