چیمپیئنز ون ڈے کپ کا فائنل: پینتھررز نے مارخورز کو شکست دے کر ٹائٹل اپنے نام کر لیا

اتوار 29 ستمبر 2024
icon-facebook icon-twitter icon-whatsapp

فیصل آباد میں ملک میں پہلی بار ہونے والے چیمپیئنز ون ڈے کپ کے فائنل میچ میں پینتھرز نے مارخورز کو 5 وکٹوں سے شکست دے کر ٹائٹل اپنے نام کرلیا۔

یہ بھی پڑھیں:چیمپیئنز ون ڈے کپ، پینتھرز نے مارخورز کو شکست دے کر فائنل میں جگہ بنالی

اتوار کو فیصل آباد میں اقبال اسٹیڈیم میں کھیلے گئے فائنل میچ میں شاداب خان کی ٹیم پینتھرز نے 123 رنز کا ہدف صرف 18 اوورز میں حاصل کر لیا۔ پینتھرز کی جانب سے عبدالواحد بنگلزئی نے 4 چوکوں اور 2 چھکوں کی مدد سے 41 رنز کی شاندار اننگز کھیلی جبکہ ان کے اوپننگ پارٹنر عمر صدیق ابتدا میں ہی 19 رنز بنا کر پویلین لوٹ گئے۔

ساجد خان نے 15 اور عثمان خان نے 13 رنز بنائے۔ ان کے آؤٹ ہونے کے بعد شاداب خان کریز پر پہنچے اور 9 گیندوں پر ناقابل شکست 14 رنز بنا کر اپنی ٹیم کو فتح دلا دی۔

یہ بھی پڑھیں چیمپئنز ون ڈے کپ، ڈولفنز نے سنسنی خیز مقابلے کے بعد لائنز کو شکست دیدی

اس سے قبل پینتھرز کے بولرز کی شاندار کارکردگی نے مارخورز کو فائنل میچ میں بڑا اسکور بنانے سے روک دیا۔ محمد حسنین، عرفات منہاس اور ساجد خان کی عمدہ باؤلنگ کی بدولت مارخورز 33 ویں اوور میں صرف 122 رنز بنا کر آؤٹ ہو گئے۔

مارخورز کے اوپنر بلے باز فخر زمان نے ایک مضبوط اوپننگ پارٹنرشپ قائم کرنے کی کوشش کی لیکن ان کے پارٹنر زین عباس کھیل کے ابتدا میں ہی پینتھرز کے بولرز کے سامنے نہ ٹھہر سکے وہ صرف 6 رنز بنا کر آؤٹ ہو گئے جب کہ فخر زمان نے شاندار 46 رنز بنائے جو ان کی جانب سے سب سے زیادہ رنز تھے۔باقی بیشتر بلے باز 10 رنز تک پہنچنے میں بھی کامیاب نہیں ہوئے۔

یہ بھی پڑھیں چیمپیئنز ون ڈے کپ : پینتھرز نے اسٹالینز کو 20 رنز سے پچھاڑ دیا

مارخورز کی جانب سے دوسری بڑی اننگز حسیب اللہ خان نے کھیلی انہوں نے 27 رنز بنائے جب کہ بسم اللہ خان نے 16 رنز اسکور کیے، مارخورز کی جانب سے باقی کوئی بھی بلے باز ڈبل فگر تک نہیں جا سکا۔

کامران غلام 2 ، کپتان افتخار احمد 3 ، عبدالصمد صفر، زاہد محمود 7 ، عاکف جاوید 8 ، محمد عمران 1 ، شاہنواز داہانی صفر پر آؤٹ ہوئے۔

پینتھررز کی جانب سے حسنین اور عرفات نے 3،3 وکٹیں حاصل کیں جبکہ ساجد خان نے 2 وکٹیں حاصل کیں۔

آپ اور آپ کے پیاروں کی روزمرہ زندگی کو متاثر کرسکنے والے واقعات کی اپ ڈیٹس کے لیے واٹس ایپ پر وی نیوز کا ’آفیشل گروپ‘ یا ’آفیشل چینل‘ جوائن کریں

icon-facebook icon-twitter icon-whatsapp