پاکستان میں تعینات سفیروں کے قافلے پر دہشت گردوں کے حملے میں شہید پولیس اہلکار برہان علی کی خدمات کے اعتراف میں منعقدہ ایک تعزیتی تقریب میں غیر ملکی سفارتکاروں نے شہید پولیس اہلکار کو خراج عقیدت پیش کرتے ہوئے شہید کی فیملی سے دلی ہمدردی کا اظہار کیا۔
مالم جبہ قافلے میں شامل غیرملکی سفیروں کی جانب سے شہید پولیس اہلکار کو خراج عقیدت پیش کرنے کی تقریب سرینا ہوٹل اسلام آباد میں منعقد ہوئی، جہاں ڈین آف ڈپلومیٹک کور اور ترکمانستان کے سفیر کی دعوت پر تقریب میں آذربائیجان، ایران، پرتگال، بوسنیا، ایتھوپیا، قازقستان، روس، ویتنام، ازبکستان، زمبابوے، تاجکستان، انڈونیشیا، رونڈا کے سفیروں اور ہائی کمشنرز سمیت دیگر حکام شریک ہوئے۔
یہ بھی پڑھیں: مالم جبہ میں غیر ملکی سفیروں پر حملہ کیسے ہوا؟ وزارت خارجہ نے تفصیلات بیان کردیں
تقریب سے خطاب کرتے ہوئے گورنر خیبرپختونخوا علی امین گنڈا پور کا کہنا تھا کہ غیر ملکی سفراء کا شہید پولیس اہلکار کی فیملی سے ہمدردی اور عزت افزائی پر شکریہ ادا کرتا ہوں، غیر ملکی سفیروں کا یہ اقدام خیبرپختونخوا کے عوام کی دہشت گردی کیخلاف جنگ میں قربانیوں کا اعتراف ہے۔
فیصل کریم کنڈی کا کہنا تھا کہ سوات میں غیر ملکی سفارتکاروں کے قافلے پر دہشت گردانہ حملے نے صوبہ کے عوام کوغمزدہ کیا، خیبرپختونخوا کے لوگ امن پسند اور پیار ومحبت والے ہیں، صوبے کے عوام انتہاپسندی کے خاتمے اور خطے میں امن وامان کی بحالی کے لیے متحد ہیں۔
مزید پڑھیں: مالم جبہ دھماکا: سی ٹی ڈی نے مقدمہ درج کرلیا، وزیراعلیٰ خیبر پختونخوا نے رپورٹ طلب کرلی
فیصل کریم کنڈی کا کہنا تھا کہ پولیس کانسٹیبل برہان علی نے غیر ملکی مہمانوں کی حفاظت کرتے ہوئے اپنی جان کا نذرانہ پیش کیا، شہید کی خاندان کو یقین دلاتے ہیں کہ انہیں تنہا نہیں چھوڑیں گے، معاشرے کے تمام افراد کی جان و مال کی حفاظت حکومت کا اولین فرض ہے۔
تقریب میں شہید پولیس اہلکار برہان علی کے بھائی، چچا اور بیٹے نے خصوصی شرکت کی،14 ممالک کے سفیروں اور ہائی کمشنرز نے شہید پولیس اہلکار کے خاندان کے افراد کو اپنی جانب سے مشترکہ دستخط شدہ تعزیتی خط پیش کیا اور غمزدہ خاندان سے دلی ہمدردی کا اظہار کرتے ہوئے شہید پولیس اہلکار کی بہادری کو سلام پیش کیا۔