پاکستان تحریک انصاف (پی ٹی آئی) نے آج اسلام آباد ڈی چوک میں احتجاج کی کال دے رکھی ہے، ملک بھر سے قافلے اسلام آباد داخل ہونے کی کوشش کررہے ہیں مگر انتظامیہ نے داخلی اور خارجی راستے بند کیے ہوئے ہیں۔
پی ٹی آئی کے احتجاج کی وجہ سے محکمہ داخلہ پنجاب نے لاہور میں 6 روز کے لیے دفعہ 144 نافذ کردی ہے۔ اس سے پہلے پنجاب کے 7 اضلاع میں دفعہ 144 کا نفاذ کیا گیا تھا۔
یہ بھی پڑھیں 17 اکتوبر تک اسلام آباد کی صورتحال حساس، پی ٹی آئی احتجاج سے باز رہے، وزیر داخلہ کی وارننگ
محکمہ داخلہ کے مطابق جن علاقوں میں دفعہ 144 نافذ کی گئی ہے وہاں پر سیاسی اجتماعات، دھرنے، جلسے جلوس سمیت کسی بھی قسم کی سرگرمی پر پابندی عائد ہوگی۔
پاکستان تحریک انصاف نے 5 اکتوبر کو عمران خان کی سالگرہ کے موقع پر مینار پاکستان پر جلسے کی اجازت مانگی تھی مگر انتظامیہ نے اجازت دینے سے انکار کردیا تھا، جس کے بعد لاہور ہائیکورٹ میں ایک درخواست بھی دائر کی گئی تھی۔
لاہور ہائیکورٹ نے ڈپٹی کمشنر کو حکم دیا تھا کہ پی ٹی آئی کی درخواست پر 30 ستمبر تک فیصلہ کیا جائے مگر ضلعی انتظامیہ نے ابھی تک تحریک انصاف کو مینار پاکستان پر کسی بھی قسم کی تقریب کا این او سی جاری نہیں کیا، نہ ہی اس حوالے سے کوئی اور فیصلہ ہوسکا۔
پی ٹی آئی کے مطابق انتظامیہ کی طرف سے جلسے کی اجازت نہ ملنے کے بعد اب احتجاج کیا جائے گا۔ ’پی ٹی آئی آئین کی پامالی اور مجوزہ ترمیم کے خلاف احتجاج کررہی ہے‘۔
پاکستان تحریک انصاف کی طرف سے 5 اکتوبر کو مینار پاکستان پر احتجاج کی کال کی وجہ سے مینار پاکستان کی طرف آنے والی سڑکوں کو کنٹینر لگا کر بند کردیا گیا ہے، جبکہ کچھ کنٹینرز مینار پاکستان کے اطراف میں کھڑے کیے گئے ہیں۔
لاری اڈہ اور داتا دربار کی طرف سے آنے والے راستوں کو بھی بند کردیا گیا ہے، جبکہ لاہور سے اسلام آباد جانے والے راستوں کو بھی انتظامیہ کی جانب سے بند کیا جارہا ہے۔
اسلام آباد اور لاہور میں ممکنہ احتجاج کے پیش نظر پنجاب حکومت نے لاہور سے اسلام آباد موٹروے بند کردی ہے، ٹھوکر نیاز بیگ پر دونوں اطرف پر کنٹینرز لگا کر راستہ بند کردیا گیا ہے۔
اسی طرح عبدالستار ایدھی روڈ سے موٹروے کو جانے والے راستے کو بھی کنٹینرز لگا کر آج سے بند کردیا گیا ہے۔
صوبائی وزیر اطلاعات عظمیٰ بخاری کا کہنا کہ پی ٹی آئی کے لوگوں اور وزیراعلیٰ خیبرپختونخوا علی امین گنڈ پور کا موٹروے پر خون خرابہ کرنے اور ملک میں فساد پھیلانے کا پلان ہے جس کو پنجاب حکومت پورا نہیں ہونے دے گی۔
یہ بھی پڑھیں پی ٹی آئی احتجاج، سڑکیں بلاک کرنے کے لیے کنٹینر کہاں سے اور کیسے لیے جاتے ہیں؟
انہوں نے کہاکہ کل اگر لاہور میں احتجاج کیا گیا تو قانون اپنا راستہ خود بنائے گا، راستوں کی بندش عوام کی جان و مال کے تحفظ کے لیے کی گئی ہے۔