وزیراعلیٰ خیبرپختونخوا علی امین گنڈاپور نے کہا ہے کہ گزشتہ رات وہ اسلام آباد میں کے پی ہاؤس میں ہی قیام پزیر تھے۔
اتوار کے روز وزیراعلیٰ خیبرپختونخوا علی امین گنڈاپور اچانک صوبائی اسمبلی کے اجلاس میں پہنچے اور اپنے خطاب میں بتایا کہ انہوں نے گزشتہ رات اسلام آباد میں خیبرپختونخوا ہاؤس میں گزاری۔
یہ بھی پڑھیں: یہ جنگ تم نے شروع کی ختم ہم کریں گے، علی امین گنڈاپور کا منظرعام پر آنے کے بعد کے پی اسمبلی میں خطاب
علی امین گنڈاپور نے کہا کہ آئی جی اسلام آباد کے پی ہاؤس میں آئے اور گالی دے کر کہا کہ وزیراعلیٰ کہاں ہے، میں اس سے کہتا ہوں کہ میں وہیں پر تھا۔
انہوں نے کہا کہ آئی جی اسلام آباد گالی دینے پر معافی مانگے ورنہ ان کے خلاف ایف آئی آر کاٹ کر کارروائی کریں گے۔
ان کا کہنا تھا کہ آئی جی نے میری گرفتاری کے لیے 4 چھاپے مارے لیکن میں خیبرپختونخوا ہاؤس میں ہونے کے باوجود ان کو نہیں مل سکا، یہ کل ان کی کارکردگی ہے، کے پی ہاؤس میں تعینات ڈی ایس پی کو بٹ مارے گئے، یہ آئی جی اسلام آباد سیاسی غنڈہ بنا ہوا ہے۔