مولانا فضل الرحمان کا ایس سی او اجلاس میں فسلطین کا مسئلہ اٹھانے کا مطالبہ

پیر 7 اکتوبر 2024
icon-facebook icon-twitter icon-whatsapp

جمعیت علما اسلام (جے یو آئی) کے سربراہ مولانا فضل الرحمان نے اے پی سی سے خطاب کرتے ہوئے شنگھائی تعاون تنظیم کے اجلاس میں مسئلہ فلسطین کو اٹھانے کا مطالبہ کردیا۔

اے پی سی سے خطاب کرتے ہوئے انہوں نے کہاکہ فلسطین میں اب تک ہزاروں افراد شہید ہوچکے ہیں جن میں زیادہ تعداد بچوں اور خواتین کی ہے۔

یہ بھی پڑھیں ایوان صدر میں فلسطین پر اے پی سی، اسرائیل کے اقدامات عالمی امن کے لیے خطرہ بن چکے ہیں، آصف زرداری

انہوں نے کہاکہ ہمیں اسرائیل کو تسلیم کرنے یا نہ کرنے کی بحث پر تعجب ہوتا تھا، لیکن سوال یہ پیدا ہوتا ہے کہ کچھ مخصوص لوگوں کو پاکستان میں ٹیلی ویژن پر بیٹھ کر یہ بحث کرنے کی اجازت کس نے دی۔

انہوں ںے کہاکہ ہم نے اپنے فلسطینی بھائیوں کے ساتھ وہ ہمدردی نہیں دکھائی جو دکھانی چاہیے تھی، دو ریاستی حل سیاسی، شرعی یا جغرافیائی طور پر ممکن نہیں، اس لیے ہم اس تجویز کو مسترد کرتے ہیں۔

فضل الرحمان نے کہاکہ غزہ میں معصوم بچوں کو والدین کے سامنے شہید کیا جاتا ہے، اور رپورٹس کے مطابق بڑی تعداد میں لوگ وہاں ملبے تلے دبے ہوئے ہیں،  فلسطین میں یہودیوں کی آبادی کا کوئی جواز نہیں۔

فضل الرحمان نے کہاکہ ہمیں سوچنا چاہیے کہ کیا ہم ایک قرارداد پاس کرکے یا اعلامیہ جاری کرکے بری الذمہ ہوسکتے ہیں، امت مسلمہ نے فلسطینیوں کے معاملے پر غفلت کا مظاہرہ کیا، ہماری نظر میں حماس کے لوگ مجاہدین ہیں جو اپنی آزادی کی جنگ لڑرہے ہیں۔

مولانا فضل الرحمان نے کہاکہ آج کا اجلاس مطالبہ کرے کہ ہمیں مسلم ممالک کا ایک اتحاد بنا کر کوئی لائحہ عمل تشکیل دینا چاہیے۔ ہمارے اسلامی ممالک کے ساتھ اچھے تعلقات ہیں، اس لیے ہمیں کردار ادا کرنا ہوگا۔

مولانا فضل الرحمان نے کہاکہ شنگھائی تعاون تنظیم کے موقع پر بھی پاکستان کو فلسطین کے معاملے کو اٹھانا چاہیے، گوکہ وہ اقتصادی فورم ہے لیکن ہمیں اپنی بات ضرور رکھنی چاہیے۔

یہ بھی پڑھیں مسئلہ فلسطین کے دوریاستی حل کی حمایت قائداعظم کی پالیسی کی نفی ہے، حافظ نعیم الرحمان

واضح رہے کہ ایوان صدر اسلام آباد میں فلسطین کے معاملے پر اے پی سی جاری ہے جس میں صدر مملکت آصف زرداری، وزیراعظم شہباز شریف، مولانا فضل الرحمان، بلاول بھٹو، حافظ نعیم الرحمان اور دیگر شریک ہیں۔

آپ اور آپ کے پیاروں کی روزمرہ زندگی کو متاثر کرسکنے والے واقعات کی اپ ڈیٹس کے لیے واٹس ایپ پر وی نیوز کا ’آفیشل گروپ‘ یا ’آفیشل چینل‘ جوائن کریں

icon-facebook icon-twitter icon-whatsapp