کراچی دھماکا کے ذمہ دار افراد کو کیفر کردار تک پہنچایا جائے گا، وزیراعظم کی چینی سفیر کو یقین دہانی

پیر 7 اکتوبر 2024
icon-facebook icon-twitter icon-whatsapp

وزیراعظم پاکستان شہباز شریف نے کہا ہے کہ کراچی میں دہشتگردی کے واقعے کے ذمہ دار افراد کی جلد از جلد شناخت کے لیے حکومت مکمل طور پر متحرک ہے۔

وزیراعظم نے چینی سفارتخانے کا دورہ کیا ہے جہاں انہوں نے چینی سفیر سے ملاقات کی اور چینی قافلے پر دہشتگرد حملے پر اظہار تعزیت کیا۔

یہ بھی پڑھیں محسن نقوی چینی سفارتخانے پہنچ گئے، کراچی دھماکے میں 2 شہریوں کی ہلاکت پر دکھ کا اظہار

وزیراعظم نے دہشتگرد حملے میں چینی باشندوں کے ہلاک ہونے پر شدید رنج و الم کا اظہار کیا۔

شہباز شریف نے کہاکہ واقعے کے ذمہ داران کی جلد از جلد شناخت کے بعد انہیں کیفر کردار تک پہنچایا جائے گا، پاکستان میں موجود ہمارے چینی بھائیوں کے جان و مال کا تحفظ ہماری اولین ترجیح ہے۔

انہوں نے کہاکہ پاکستان اور چین کے تعلقات کو نقصان پہنچانے کی اس گھناؤنی سازش کو ہرگز برداشت نہیں کیا جائے گا، اس واقعے کی تحقیقات کی میں ذاتی طور پر خود نگرانی کروں گا۔

وزیراعظم نے کہاکہ غیر ملکیوں کے لیے سیکیورٹی انتظامات کو مزید مضبوط کیا جائے گا۔

اس موقع پر چینی سفیر نے کراچی میں دہشتگردی کے واقعے کے بعد حکومت پاکستان کی جانب سے فوری ردعمل اور تحقیقات کے آغاز پر وزیراعظم سے اظہار تشکر کیا۔

چینی سفیر نے معاملے کی مؤثر تحقیقات، ذمہ دار دہشتگردوں کی فوری شناخت اور ان کو جلد از جلد کیفر کردار تک پہنچانے میں حکومت پاکستان پر اعتماد کا اظہار کیا۔

یہ بھی پڑھیں کراچی: جناح ایئرپورٹ کے قریب دھماکا، 3 غیرملکیوں سمیت 4 افراد ہلاک، 17 زخمی

چینی سفیر نے کہاکہ ہمیں امید ہے کہ واقعے کے ذمہ دار افراد کو جلد از جلد قرار واقعی سزائیں دی جائیں گی۔

آپ اور آپ کے پیاروں کی روزمرہ زندگی کو متاثر کرسکنے والے واقعات کی اپ ڈیٹس کے لیے واٹس ایپ پر وی نیوز کا ’آفیشل گروپ‘ یا ’آفیشل چینل‘ جوائن کریں

icon-facebook icon-twitter icon-whatsapp