وفاقی وزیر اطلاعات و نشریات عطااللہ تارڑ نے کہا ہے کہ پشتون تحفظ موومنٹ (پی ٹی ایم) کے کالعدم تحریک طالبان اور افغان طالبان سے رابطے ہیں، ان کو بیرون ملک سے فنڈنگ ہورہی ہے۔
اسلام آباد میں گفتگو کرتے ہوئے انہوں نے کہاکہ پشتون تحفظ موومنٹ کو بیرونی فنڈنگ مل رہی ہے اور ان کا بیانیہ پاکستان مخالف ہے، اس لیے اسے کالعدم تنظیم قرار دیا گیا۔
یہ بھی پڑھیں پشتون تحفظ موومنٹ کالعدم قرار، فتنہ الخوارج کا پی ٹی ایم کی حمایت کا اعلان
انہوں نے کہاکہ کسی بھی تنظیم کو ثبوت کی بنیاد پر کالعدم قرار دیا جاتا ہے، پی ٹی ایم کے دہشتگرد تنظیموں سے رابطوں اور فنڈنگ کی تحقیقات ہورہی ہیں۔
انہوں نے کہاکہ پی ٹی ایم کے ساتھ رابطے کرنے والی تنظیموں کے لیے یہ وارننگ ہے، کسی کو بھی نظریہ پاکستان کو نقصان پہنچانے کی اجازت نہیں دی جائے گی۔
وزیر اطلاعات نے کہاکہ پی ٹی ایم کی کسی بھی طرح سپورٹ نہیں کی جاسکتی، ان کے لوگوں نے بیرون ملک پاکستانی سفارتخانوں پر حملے کیے۔
واضح رہے کہ وفاقی وزارت داخلہ نے کچھ روز قبل پشتون تحفظ موومنٹ (پی ٹی ایم) کو کالعدم قرار دیا تھا۔
یہ بھی پڑھیں پی ٹی ایم کے سربراہ منظور پشتین کی 2 مقدمات میں ضمانت بعد از گرفتاری منظور
اپنی گفتگو میں عطااللہ تارڑ نے پی ٹی آئی کو بھی تنقید کا نشانہ بنایا اور کہاکہ تحریک انتشار نے فلسطین پر ہونے والی کانفرنس میں شرکت نہیں کی۔