وزیراعلیٰ پنجاب مریم نواز نے کہا ہے کہ آئے روز احتجاج اور جلاؤ گھیراؤ کی روایت بہت غلط ہے، پی ٹی آئی کو سیاسی اسموگ پھیلانے میں ناکامی کا سامنا کرنا پڑا، کچھ بھی ہوجائے ہم ملک پر آنچ نہیں آنے دیں گے۔
لاہور میں تقریب سے خطاب کرتے ہوئے انہوں نے کہاکہ ایک صوبہ پورے ساز و سامان کے ساتھ وفاق پر حملہ آور ہوا، اقتدار کی ہوس رکھنے والوں نے ملک میں افراتفری کا منصوبہ بنایا۔
یہ بھی پڑھیں وزیراعلیٰ مریم نواز شریف کا لاہور کو 3 دن کے اندر صاف ستھرا کرنے کا حکم
انہوں نے کہاکہ آئے روز احتجاج ہوتا ہے اور کہا جاتا ہے کہ جلادو تباہ کردو آگ لگا دو، ہم دنیا کو ملک کا کونسا چہرہ دکھا رہے ہیں۔
مریم نواز نے کہاکہ احتجاج کے لیے خیبرپختونخوا کے سرکاری ملازمین کا استعمال کیا گیا اور ان کے پولیس اہلکار ابھی بھی اسلام آباد پولیس کی تحویل میں ہیں۔
مریم نواز نے کہاکہ مہنگائی میں کمی ہورہی ہے جو خوش آئند ہے، یہ سب کام کرنے سے ہوتے ہیں، لیکن یہاں ایک ٹولہ ہے جو کہتا ہے نہ خود کام کرنا ہے اور نہ کسی کو کرنے دینا ہے۔
وزیراعلیٰ پنجاب نے کہاکہ ماضی میں جب مجھے قید کیا گیا تو سزا کے طور پر جیل کے ڈیتھ سیل میں رکھا گیا جہاں ہریالی یا آسمان نظر نہیں آتا تھا۔ 6 ماہ بعد جب قید سے واپس آئی تو زیادہ وقت لان میں بیٹھ کر گزارتی تھی۔
انہوں نے کہاکہ پنجاب حکومت روز کوئی نہ کوئی منصوبہ لانچ کررہی ہوتی ہے، مجھے آنے والی نسل کے لیے کام کرکے خوشی ہوتی ہے۔
مریم نواز نے کہاکہ اسموگ صرف پنجاب نہیں پورے ملک کا مسئلہ ہے، لیکن یہ ایک رات میں بٹن دبانے سے ختم نہیں ہوگی، ہم اسموگ میں کمی کے لیے فیکٹریوں اور بھٹوں کی کڑی نگرانی کررہے ہیں۔
مریم نواز نے کہاکہ بھارتی پنجاب سے بھی اسموگ ادھر آتی ہے، ماحولیاتی تحفظ آپ سب کی ذمہ داری ہے۔
انہوں نے کہاکہ آنے والی نسلوں کے مستقبل کو محفوظ بنانے کے لیے ماحولیاتی تبدیلی پر توجہ دینی ہے، اب جو سڑک بنے گی اس کے دونوں اطراف درخت لگائیں گے۔
یہ بھی پڑھیں ’اپنی چھت اپنا گھر منصوبہ‘، وزیراعلیٰ مریم نواز نے اپلائی کرنے والوں کو خوشخبری سنادی
انہوں نے کہاکہ ہم 60 ہزار درخت لگاچکے ہیں اور ان درختوں نے سلیمانی ٹوپی نہیں پہنی ہوئی، نظر آتے ہیں، ماضی کی طرح نہیں کہ ایک ارب درخت نظر ہی نہ آئیں۔