ملتان ٹیسٹ میں پاکستان کو بدترین شکست: ’اب بس معجزے کی امید ہے‘

جمعہ 11 اکتوبر 2024
icon-facebook icon-twitter icon-whatsapp

انگلینڈ نے پاکستان کو سیریز کے پہلے ٹیسٹ میچ میں اننگز اور 47 رنز سے بدترین شکست دے کر سیریز میں 0-1 کی برتری حاصل کرلی۔ جس پر شائقین کرکٹ اور ماہرین نے پاکستان کی ٹیم کی کارکردگی کو شدید تنقید کا نشانہ بنایا ہے۔

صارفین کا کہنا ہے کہ انتہائی سازگار پچ پر بھی پاکستانی بیٹرز ناکام رہے اور جو بھی ٹیم پاکستان آ رہی ہے وہ پاکستان کو شکست دے کر جا رہی ہے۔ ایک صارف نے لکھا کہ دکھی دل سے لکھنا پڑ رہا ہے کہ پاکستان کو ہوم گراؤنڈز پر لگاتار تیسری شکست کا سامنا ہے اب تو بس معجزے کی امید ہے۔

  عباس شبیر نے پاکستان کو انگلینڈ کے ہاتھوں بدترین شکست پر تبصرہ کرتے ہوئے کہا کہ پاکستان کرکٹ کس حال کو پہنچ گئی یہ لمحہ فکریہ ہے۔

ایک بھارتی ایکس صارف نے لکھا کہ پاکستان ایک ایسی ٹیم ہے جو جیتنا بھول چکی ہے حتیٰ کہ وہ ملتان میں کھیلے جانے والا ٹیسٹ میچ ڈرا بھی نہیں کرا سکی۔

احتشام صدیق نے لکھا کہ شان مسعود پہلے پاکستانی کھلاڑی ہیں جنہیں بطور کپتان پہلے 6 میچوں میں مسلسل شکست کا سامنا کرنا پڑا ہے۔

 جان رائٹ کہتے ہیں کہ اس شرمناک شکست کے بعد پاکستان کو یہ سوچنا ہوگا کہ وہ منگل سے ملتان میں ہی دوسرے ٹیسٹ میچ میں انگلینڈ کے خلاف 20 وکٹیں کیسے حاصل کریں گے۔

 پاکستان نے 6 وکٹوں پر 152 رنز سے پانچویں روز کے کھیل کا آغاز کیا تو سلمان علی آغا اور عامر جمال نے انگلینڈ کے بولرز کو مزاحمت دکھائی، لیکن سلمان علی آغا 84 گیندوں پر 63 رنز بنا کر آؤٹ ہوئے، جبکہ عامر جمال نے نصف سینچری مکمل کی ان کے علاوہ کوئی کھلاڑی بھی وکٹ پر نہیں ٹک سکا۔ انگلینڈ کی جانب سے جیک لیچ نے 4، گس ایٹکنسن اور برائیڈن کارس نے 2،2 جبکہ کرس ووکس نے ایک کھلاڑی کو آؤٹ کیا۔

ملتان کرکٹ اسٹیڈیم میں کھیلے جارہے میچ کے چوتھے روز انگلینڈ نے پہلی اننگز 823 رنز بناکر ڈکلیئر کی، جس کے بعد پاکستان نے دوسری اننگز کے لیے بیٹنگ شروع کی، لیکن کوئی بھی کھلاڑی وکٹ پر جم کر نہ کھیل سکا۔

واضح رہے کہ پاکستان اور انگلینڈ کے درمیان سیریز کا دوسرا ٹیسٹ منگل سے ملتان میں شروع ہوگا،  انگلینڈ کو پاکستان کے خلاف تین ٹیسٹ کی سیریز میں ایک صفر کی برتری حاصل ہے۔

آپ اور آپ کے پیاروں کی روزمرہ زندگی کو متاثر کرسکنے والے واقعات کی اپ ڈیٹس کے لیے واٹس ایپ پر وی نیوز کا ’آفیشل گروپ‘ یا ’آفیشل چینل‘ جوائن کریں

icon-facebook icon-twitter icon-whatsapp