عظمیٰ بخاری کی فیک ویڈیو کے حوالے سے 4 ملزمان کے خلاف ریڈ وارنٹ جاری کردیے گئے ہیں اور ان کی جائیدادیں منجمد کرنے اور گرفتاری کے لیے کارروائی جاری ہے۔
یہ بات وفاقی حکومت کے وکیل نے لاہور ہائیکورٹ میں صوبائی وزیر عظمیٰ بخاری کی فیک ویڈیو کے خلاف درخواست پر سماعت کے دوران عدالت کو بتائی۔
عدالت میں ایف آئی اے کی پیش رفت رپورٹ پیش کی گئی۔ عدالت نے آئندہ سماعت پر ایکس کی قانونی حیثیت پر بھی دلائل طلب کرلیے۔
وفاقی وکیل نے عدالت کو یہ بھی بتایا کہ فلک جاوید کے خلاف پی ٹی اے کو مراسلہ لکھ دیا گیا ہے۔
یہ بھی پڑھیں: عظمیٰ بخاری فیک ویڈیو کیس: ایف آئی اے کو 11 اکتوبر تک تفتیش مکمل کرنے کی ہدایت
چیف جسٹس لاہور ہائیکورٹ عالیہ نیلم نے ایف آئی اے کی تعریف کرتے ہوئے کہا کہ اس کی تفتیش میں کافی چیزیں سامنے آئی ہیں اور وہ اپنی تفتیش جاری رکھے۔
فلک جاوید کے شوہر کا عدالت سے رجوع
دریں اثنا فلک جاوید کے شوہر شکیل ریاض نے سم فرنچائز سیل کرنے کا اقدام لاہور ہائیکورٹ میں چیلنج کردی۔ انہوں نے اپنے وکیل اظہر صدیق ایڈووکیٹ کے ذریعے درخواست دائر کی۔
درخواست میں مؤقف اپنایا گیا کہ ایف آئی اے نے غیر قانونی پر فرنچائز نے چھاپہ مارا اور پورے خاندان کو سیاسی انتقام کا نشانہ بنایا جارہا ہے۔
شکیل ریاض نے عدالت سے فرنچائز کو ڈی سیل کرنے کا حکم دینے کی استدعا کی۔
اسموگ کے تدارک کے لیے دائر درخواستوں پر سماعت
لاہور ہائیکورٹ نے اسموگ اور ماحولیاتی آلودگی کے تدارک کے لیے دائر درخواستوں پر سماعت کی۔
مزید پڑھیے: اسموگ کے تدراک کے لیے دائر درخواستوں پر لاہور ہائیکورٹ کا تحریری حکم جاری
وکیل وفاقی حکومت نے عدالت کو بتایا کہ ڈی سی لاہور نے 4 اسکولوں کو عدالتی حکم نہ ماننے پر ملاقات کے لیے طلب کر لیا ہے۔ محکمہ تعلیم نے بتایا کہ مذکورہ 4 اسکولوں کو بسوں کی خریداری کے حوالے سے نوٹسز جاری کردیے گئے ہیں۔
محکمہ زراعت نے بھی 2024ـ25 کا اسموگ ایکشن پلان عدالت میں پیش کردیا۔ محکمے نے بتایا کہ اسموگ پھیلانے والے افراد کے خلاف سخت کارروائی کی جائے گی۔
محکمے نے یہ بھی بتایا کہ کسانوں کو 652 سپر سیڈر مہیا کیے ہیں اور سپر سیڈر سے فصلوں کی باقیات جلانے کی ضرورت نہیں پڑے گی۔
عدالت نے محکمہ ماحولیات کو سرگودھا روڈ فیصل آباد پر دھواں چھوڑنے والی فیکٹریوں کا جائزہ لینے کا حکم دیا۔
عدالت نے محکمہ زراعت کو سولر ٹیوب ویل کے متعلق پالسی بنانے کا بھی حکم دیا۔
ڈپٹی ڈائریکٹر ماحولیات نے عدالت کو بتیا کہ محکمہ ماحولیات نے اسموگ کی شکایت کے لیے ہیلپ لائین بنائی ہے۔
جسٹس شاہد کریم نے حکم دیا کہ لوگوں کو اس ہیلپ لائین کے حوالے سے آگاہ کیا جائے۔
عدالت نے ایل ڈی اے کو ٹولنٹن مارکیٹ کے حوالے سے اگلے لائحہ عمل سے متعلق عدالت میں رپورٹ پیش کرنے کا حکم دیا۔
جسٹس شاہد کریم نے وکیل پی ایچ اے سے کہا کہ درخت کہیں پر بھی ہو یہ آپ کی ذمے داری ہے۔ عدالت نے متنبہ کیا کہ لاہور میں ایک بھی درخت نہیں کاٹا جا سکتا۔
وکیل پی ایچ اے نے عدالت کو بتایا کہ ہم نے ایل ڈے اے، واسا اور دیگر محکموں کو درختوں کی کٹائی کے خلاف خط لکھا ہے۔
عدالت کی حکومت کی تعریف
جسٹس شاہد کریم نے کہا کہ یہ حکومت اسموگ اور ایسی دیگر چیزوں کے حوالے سے کافی حساس ہے جو کہ اچھی بات ہے۔
جسٹس شاہد کریم نے ہارون فاروق سمیت کی درخواستوں پر سماعت کی اور مختلف محکموں سے کارکردگی رپورٹس طلب کرتے ہوئے سماعت ائندہ جمعے تک ملتوی کر دی۔
وزیراعظم اور حمزہ شریف کے خلاف ریفرنس
احتساب عدالت لاہور نے وزیراعظم شہباز شریف اور حمزہ شہباز کے خلاف رمضان شوگر مل ریفرنس کی سماعت کی۔
مزید پڑھیں: اسموگ کے خاتمے کے لیے انوائرمینٹل پروٹیکشن اتھارٹی بنانے کا فیصلہ
وزیراعظم شہباز شریف کے نمائندے انوار حسین نے عدالت میں پیش ہوکر حاضری مکمل کروائی۔ عدالت نے حمزہ شہباز کی ایک روزہ حاضری معافی کی درخواست منظور کرلی۔
عدالت نے استفسار کرتے ہوئے کہ سپریم کورٹ کے فیصلے کے بعد یہ ریفرنس نیب کے دائرہ اختیار میں آتا ہے یا نہیں ریفرنس کی قانونی حیثیت پر دلائل طلب کرلیے۔ سماعت 17 اکتوبر تک ملتوی کردی گئی۔