کویت نے گزشتہ 3 ماہ میں 9 ہزار غیر ملکیوں کو ملک بدر کیا

ہفتہ 8 اپریل 2023
icon-facebook icon-twitter icon-whatsapp

حکومت کویت کی جانب سے یکم جنوری 2023 سے 31 مارچ 2023 تک مختلف قومیتوں کے 9 ہزار تارکین وطن کو مجرمانہ اور بدکاری کے مقدمات میں ملوث ہونے کی وجہ سے ان کے ملکوں میں واپس بھیج دیا گیا ہے۔

کویت میڈیا رپوٹس کے مطابق ڈی پورٹ ہونے والوں میں قریباً 4 ہزار خواتین بھی شامل ہیں۔ جلا وطن ہونے والوں کی تعداد میں بھارت پہلے، فلپائن دوسرے، سری لنکا تیسرے جبکہ مصری کمیونٹی چوتھے نمبر پر ہے۔

وزارت داخلہ کویت حکام کے مطابق قریباً 700 مرد و خواتین ملک بدری مقدمات میں جیل میں ہیں۔ قانوی کارروائی کی تکمیل کے بعد آئندہ 10 روز میں ان کی ملک بدری کے احکامات جاری کر دیے جائیں گے۔ حکام کا کہنا ہے منشیات کے استعمال، منشیات فروشی اور چوری چکاری میں ملوث ہونے کے باعث تارکین وطن کی ملک بدری میں گزشتہ 3 ماہ کے دوران نمایاں اضافہ ریکارڈ کیا گیا ہے۔

کویت میں مدتِ قیام کی خلاف ورزی کرنے والے تارکین وطن کو ان کی رہائش (اقامہ) کی میعاد ختم ہونے یا لیبر قانون کی خلاف ورزی کی وجہ سے ملک بدری کا سامنا ہے۔ صرف 3 ماہ میں 9 ہزار تارکین وطن کو ماہانہ اوسطاً 3 ہزار غیر ملکیوں کو واپس بھجوانا ملک بدری میں تیز رفتاری کی نشاندہی کرتا ہے جو گزشتہ برسوں کے مقابلے میں بہت زیادہ ہے۔

خیال رہے کہ کویت کے پہلے نائب وزیراعظم اور قائم مقام وزیر داخلہ و دفاع شیخ طلال الخالد الصباح کی طرف سے سخت ہدایات جاری کی گئی ہیں کہ ملکی قوانین کی پاسداری نہ کرنے، سنگین خلاف ورزی کرنے یا قانون شکنی کرنے والے کسی بھی غیر ملکی کے ساتھ کسی بھی قسم کی نرمی نہ برتی جائے۔

وزیر داخلہ شیخ طلال الخالد الصباح نے ملک بدری کی جیلوں میں گنجائش سے زیادہ بھیڑ روکنے، قیدیوں کو مناسب سہولیات کی فراہمی، بتدریج بہتری کو یقینی بنانے اور صحت کی ضروریات بہم پہنچانے کا حکم بھی دیا ہے۔

آپ اور آپ کے پیاروں کی روزمرہ زندگی کو متاثر کرسکنے والے واقعات کی اپ ڈیٹس کے لیے واٹس ایپ پر وی نیوز کا ’آفیشل گروپ‘ یا ’آفیشل چینل‘ جوائن کریں

icon-facebook icon-twitter icon-whatsapp