شنگھائی تعاون تنظیم (ایس سی او) کے سربراہ اجلاس میں عالمی تجارت میں رکاوٹوں پر تحفظات کا اظہار کرتے ہوئے ایس سی او ڈیولپمنٹ بینک اور ایس سی او ڈیولپمنٹ فنڈ بنانے پر اتفاق کرلیا گیا۔
نائب وزیراعظم و وزیر خزانہ اسحاق ڈار نے ایس سی او کے سیکریٹری جنرل جانگ منگ نے اجلاس کے بعد اسلام آباد میں پریس کانفرنس کی ہے۔
یہ بھی پڑھیں ایس سی او اجلاس کا مشترکہ اعلامیہ جاری، تنظیم کی سربراہی روس کے سپرد
اسحاق ڈار نے کہاکہ ایس سی او اجلاس کا انعقاد پاکستان کے لیے اعزاز ہے، اس اجلاس میں پائیدار ترقی کے لیے متعدد تجاویز کو منظور کیا گیا۔
انہوں نے کہاکہ ایس سی او اجلاس میں تجارت، سرمایہ کاری اور تخلیقی معیشت کے فروغ پر تبادلہ خیال کیا گیا، تمام سربراہان نے شنگھائی سپرٹ کے جذبے کا اعادہ کیا۔
نائب وزیراعظم نے کہاکہ ایس سی او کی میزبانی پاکستان کے لیے بڑا اعزاز ہے، علاقائی اور عالمی چیلنجز کے باوجود پاکستان ایس سی او چارٹرڈ پر عملدرآمد کررہا ہے۔
اسحاق ڈار کے مطابق اجلاس نے کہاکہ خطے میں خوشحالی کے لیے تجارت، سرمایہ کاری، رابطے اور نوجوانوں و خواتین کی ترقی لازمی ہے۔
انہوں نے کہاکہ ایس سی او اجلاس کا اعلامیہ ایک سال کی محنت کا نتیجہ ہے، یہ مشترکہ اعلامیہ معشیت، تجارت، کنیکٹیوٹی اور ٹیکنالوجی سمیت اہم ایشوز کا احاطہ کرتا ہے۔
نائب وزیراعظم نے کہاکہ اجلاس میں غربت کے خاتمے، نوجوانوں کے امور اور دیگر معاملات پر بھی تبادلہ خیال کیا گیا۔
پاکستان نے ایس سی او کے کامیاب انعقاد کے لیے شاندار اقدامات کیے، سیکریٹری جنرل ایس سی او جانگ منگ
پریس کانفرنس میں ایس سی او سیکریٹری جنرل جانگ منگ نے کہاکہ ایس سی او کی شاندار کامیابی پر پاکستان کو مبارکباد پیش کرتا ہوں۔ پاکستان نے ایس سی او کے کامیاب انعقاد کے لیے شاندار اقدامات کیے۔
انہوں نے کہاکہ پاکستان ایس سی او کا متحرک اور اہم رکن ہے، اجلاس میں ایس سی او کے ترجیحی موضوعات پر سیر حاصل گفتگو ہوئی۔
جانگ منگ نے کہاکہ اجلاس میں تجارت کے لیے مقامی کرنسی اور پراجیکٹ فنانسنگ پر بھی غور کیا گیا، جبکہ اکنامک کے نئے ڈائیلاگ کے تصور کو اپنایا گیا۔
انہوں نے کہاکہ اجلاس میں ایس سی او کو جدید بنانے کے مواقع پر بھی تبادلہ خیال ہوا، جبکہ آستانہ سمٹ میں لیے گئے فیصلوں پر بھی موجودہ اجلاس میں تبادلہ خیال ہوا۔
انہوں نے کہاکہ اجلاس میں ایس سی او کی اندرونی کارکردگی کو بہتر بنانے پر تبادلہ خیال ہوا۔
واضح رہے کہ اس سے قبل ایس سی او اجلاس کا مشترکہ اعلامیہ جاری کیا گیا تھا جس میں کہا گیا کہ روس اب 2025 تک ایس سی او کی سربراہی سنبھالے گا۔ وزیراعظم شہباز شریف نے روس کو تنظیم کی صدارت ملنے پر مبارکباد پیش کی ہے۔
یہ بھی پڑھیں بھارتی وزیر خارجہ نے ایس سی او اجلاس سے خطاب میں کیا کہا؟
اجلاس کے اختتام پر خطاب کرتے ہوئے وزیراعظم شہباز شریف نے غزہ میں جارحیت کو المیہ قرار دیا اور کہاکہ عالمی برادری کو غزہ میں مظالم روکنے کے لیے اقدامات کرنا ہوں گے۔