لاہور میں نجی کالج میں طالبہ کے ساتھ زیادتی کا من گھڑت واقعہ اور سوشل میڈیا پر اس حوالے سے من گھڑت ویڈیو کو بنیاد بنا کر احتجاج اور توڑ پھوڑ کرنے والے تقریباً 250 افراد کے خلاف مقدمہ درج کرلیا گیا ہے۔
مقدمہ تھانہ ہربنس پورہ میں سب انسپکٹر عثمان اکبر کی مدعیت میں درج کیا گیا ہے، جس میں کہا گیا ہے کہ لاہور کے نجی کالج کے طلبا اور شرپسند عناصر نے توڑ پھوڑ کرتے ہوئے 6 سرکاری موٹر سائیکلیں جلائیں۔
یہ بھی پڑھیں: لاہور: نجی کالج کی طالبہ سے متعلق من گھڑت ویڈیو کیخلاف مقدمہ پولیس کی مدعیت میں درج
ایف آئی آر کے متن کے مطابق، لاہور پولیس نے مقدمے میں نامزد 24 ملزمان کو قابو کرلیا ہے، شرپسند عناصر نے پیٹرول بموں سے پولیس پر حملے کیے، پیٹرول بم پولیس اسٹیشن کی پارکنگ میں پھینکے گئے۔ پیٹرول بم حملوں کے نتیجے میں 6 ملازمین کی موٹر سائیکلیں جل گئیں۔
پولیس حکام کے مطابق، پولیس نے 149 اور 382 کی دفعات کے تحت مقدمہ شرپسندوں کے خلاف مقدمہ درج کیا ہے جبکہ لاہور پولیس کی بھاری نفری مختلف کیمپسز کے باہر موجود ہے۔
یہ بھی پڑھیں: لاہور میں نجی کالج کی طالبہ سے زیادتی کا معاملہ، اے ایس پی شہربانو نقوی کا اہم بیان سامنے آگیا
واضح رہے کہ لاہور کے نجی کالج کی طالبہ سے متعلق سوشل میڈیا پر وائرل من گھڑت ویڈیو کے خلاف گزشتہ روز بھی پولیس کی مدعیت میں ایک مقدمہ درج کیا گیا تھا۔