روس کے وزیر خارجہ سرگئی لاروف متوقع طور پر آئندہ ماہ پاکستان کا ایک اہم دورہ کریں گے۔
ذرائع کے مطابق، روسی وزیر خارجہ سرگئی لاروف کا آئندہ ماہ ایک اہم دورے پر پاکستان آسکتے ہیں، روس کے وزیراعظم اور نائب وزیراعظم کے بعد روسی وزیرخارجہ کا یہ دورہ انتہائی اہمیت کا حامل ہوگا۔
یہ بھی پڑھیں: پاکستان اور روس کا مختلف شعبوں میں تعاون کو فروغ دینے پر اتفاق
ذرائع کا کہنا ہے کہ روسی وزیر خارجہ کے دورہ پاکستان کے دوران اسٹیل ملز اور آئل ریفائنری سمیت توانائی کے منصوبوں پر بات چیت کا امکان ہے۔ روسی وزیر خارجہ سرگئی لاروف نے اس سے قبل اپریل 2021 میں اس وقت پاکستان کا 2 روزہ دورہ کیا تھا جب عمران خان وزیراعظم اور اور شاہ محمود قریشی وزیر خارجہ تھے۔
واضح رہے کہ روسی وزیراعظم میخائل ولادی میرووچ مشہوسٹن 15 اور 16 اکتوبر کو اسلام آباد میں شنگھائی تعاون تنظیم (ایس سی او) کے 23ویں سربراہی اجلاس میں شرکت کے لیے ایک بڑے وفد کے ہمراہ پاکستان آئے تھے۔ ایس سی او اجلاس میں روسی فیڈریشن کے ڈپٹی وزیراعظم الیکسی اوورچک بھی شریک ہوئے تھے۔
یہ بھی پڑھیں: پاکستان نے بہترین انتظامات کیے، یہاں کے لوگ اور کھانے اچھے لگے، روسی صحافی کی وی نیوز سے گفتگو
اپنے دورے کے دوران روسی وزیراعظم نے وزیراعظم شہباز شریف سے ملاقات کی جس میں دونوں رہنماؤں نے اقوام متحدہ اور شنگھائی تعاون تنظیم سمیت کثیرالجہتی فورمز پر تعاون جاری رکھنے پر اتفاق کیا۔ دونوں رہنماؤں نے تجارت، صنعت، توانائی، علاقائی روابط، سائنس، ٹیکنالوجی اور تعلیم کے شعبوں میں مضبوط بات چیت اور تعاون کو فروغ دینے پر بھی اتفاق کیا۔ روس کے وزیراعظم میخائل میشوسٹن نے ایس سی او اجلاس کے موقع پر آرمی چیف جنرل عاصم منیر سے بھی اہم ملاقات کی۔
یاد رہے کہ گزشتہ ماہ بھی روس کے نائب وزیراعظم الیکسی اوورچک 2 روزہ دورے پر پاکستان آئے تھے۔ نائب وزیراعظم و وزیر خارجہ اسحاق ڈار کے ساتھ مشترکہ پریس کانفرنس سے خطاب کرتے ہوئے انہوں نے کہا تھا کہ پاکستان نے ’برِکس‘ کی رکنیت کے لیے اپلائی کیا ہے جس کی روس حمایت کرتا ہے، پاکستان سے اچھے تعلقات ہیں، اتفاقِ رائے سے پاکستان برِکس کا رکن بن سکتا ہے۔ ان کا کہنا تھا کہ پاکستان کے ساتھ تجارتی، معاشی اور ثقافتی تعلقات مضبوط کریں گے۔