پنجاب کی وزیر اعلیٰ مریم نواز نےپولیو وائرس کے ماحولیاتی نمونے ختم کرنے کے لیے قابل عمل اور پائیدار پلان طلب کرلیا ، صوبے کے ہر انٹری پوائنٹ پر پولیو ویکسینیشن کی جائے گی۔
وزیراعلیٰ مریم نواز کی زیر صدارت پولیو کے خاتمے سے متعلق اجلاس ہوا، جس میں پنجاب کو مکمل طورپر پولیو فری بنانے کے لیے تجاویز اور سفارشات کاجائزہ لیا گیا۔
یہ بھی پڑھیں: پولیو کے مکمل خاتمے کے لیے پر عزم ہیں، وزیر اعظم کی بل گیٹس فاؤنڈیشن کے وفد سےگفتگو
اجلاس میں مریم نواز نےپنجاب کے تمام انٹری پوائنٹس پر مؤثر ویکسینیشن مہم شروع کرنے کی ہدایت کی ، ساتھ ہی پولیو وائرس کے مکمل خاتمے کا ہدف حاصل کرنے کےلیے جامع اور مؤثر ویکسینیشن مہم کی بھی ہدایت کی۔
اجلاس میں پنجاب میں موبائل اور مائیگرنٹ پاپولیشن کی ٹریکنگ اور رجسٹریشن کا فیصلہ کیا گیا، اس کے علاوہ پولیو کے خاتمے کی ویکسینیشن مہم کو مزید مؤثر بنانے کے لیے مائیکرو پلان کاجائزہ لیا گیا،مریم نواز نے ویکسینیشن مہم کے دوران مسنگ چلڈرن کا مستند ڈیٹا مرتب کرنے کی ہدایت کی ۔
یہ بھی پڑھیں: پاکستان میں پولیو ویکسینیشن کے لیے قانون سازی، عالمی ادارہ صحت کیوں مخالفت کر رہا ہے؟
مریم نواز نے اجلاس سے گفتگو کرتے ہوئے کہا کہ پنجاب کومکمل طورپر پولیو فری بنانا ہمارا عزم ہے، ویکسینیشن مہم کی ذاتی طورپر مانیٹرنگ کررہی ہوں، عوام کے بھرپور تعاون سے ذریعے ہی پولیو وائرس کو ختم کیا جاسکتا ہے۔ انہوں نے کہا کہ ویکسینیشن مہم کے دوران ایس او پیز کے مطابق کولڈ چین بھی یقینی بنائی جائے ۔
وزیراعلیٰ مریم نواز نے کہا کہ پنجاب میں وائرس سرکولیشن بڑھنا تشویشناک امر ہے، پولیو ویکسینیشن کے حوالے سے کمزور اضلاع پر بھرپور توجہ دی جائے۔
سینیئر وزیر مریم اورنگزیب ، وزرا صحت خواجہ سلمان رفیق ، خواجہ عمران نذیر ، پارلیمانی سیکریٹری عظمی کاردار ، ثانیہ عاشق ، ڈاکٹر عدنان خان ،چیف سیکریٹری ، سیکریٹریز اور دیگر حکام نے اجلاس میں شرکت کی ۔