پاکستانی مسیحی برادری کو ایسٹر کے تہنیتی پیغامات

اتوار 9 اپریل 2023
icon-facebook icon-twitter icon-whatsapp

وزیراعظم شہباز شریف نے ایسٹر کے موقع پر مبارکباد کے پیغام میں کہا ہے کہ دنیا بھر کی مسیحی برادری، خاص طور پر ہمارے پاکستانی مسیحی بھائیوں اور بہنوں کو ایسٹر کی بہت بہت مبارکباد۔

وزیراعظم آفس سے جاری اعلامیہ کے مطابق ایسٹر پیار محبت اور باہمی احترام کے جذبے کا نام ہے۔ موجودہ وقت میں اتحاد اور مذہب کے درمیان ہم آہنگی کی ضرورت ہے۔ حضرت عیسیٰ علیہ السلام نے ہمیں ضبط وتحمل ، بھائی چارے اور انسانیت کے ساتھ محبت کا درس دیا ہے۔

وزیراعظم نے کہا کہ ایسٹر کا تہوار ہمیں حضرت عیسیٰ علیہ السلام کی برداشت کی یاد دلاتا ہے۔ حضرت عیسیٰ علیہ السلام کی تعلیمات کو اپنا کر ہی معاشرے میں امن اور اتفاق قائم کیا جا سکتا ہے۔

مسیحی برادری کے افراد فاطمہ چرچ اسلام آباد میں ایسٹر کی دعائیہ تقریب میں شریک ہیں۔

وزیراعظم شہبازشریف نے مزید کہا کہ مسیحی برادری نے نہ صرف تحریک پاکستان میں اہم کردار ادا کیا بلکہ وہ ملکی ترقی میں بھی ہاتھ بٹا رہی ہے۔ حکومت ملک میں تمام اقلیتوں کے بنیادی حقوق کے تحفظ اور ان کے جان ومال کی حفاظت کے لیے پر عزم ہے۔

وزیراعظم پاکستان نے کہا کہ آیے ہم سب دنیا کو ایک پرامن جگہ بنانے کا عہد کریں جہاں کمیونٹیز ہم آہنگی کے ساتھ رہ سکیں اور بہتر مستقبل کی طرف گامزن ہوں۔

چیئرمین سینیٹ کی ایسٹر کی مبارکباد

چیئرمین سینیٹ محمد صادق سنجرانی نے ایسٹر کے موقع پر مسیحی بھائیوں اور بہنوں اور ان کے اہل خانہ کو دل کی گہرائیوں سے مبارکباد اور نیک خواہشات کا اظہار کیا ہے۔

انہوں نے کہا کہ مسلمان ہونے کے ناتے ہم اپنے مسیحی بھائیوں کے ساتھ ایک قدر مشترکہ رکھتے ہیں جس کی بنیاد نبی حضرت عیسیٰ (علیہ السلام) کے لیے ہماری باہمی محبت اور تعظیم ہے۔

اپنے پیغام میں چیئرمین سینیٹ محمد صادق سنجرانی نے ایک ایسے معاشرے کی تشکیل کے لیے مل کر کام کرنے کی اہمیت پر بھی زور دیا جو تمام عقائد کے لیے رواداری اور احترام کرنے والا ہو۔

چئیرمین سینیٹ نے اس موقع پر پاکستانی عیسائی برادری کی ملک کی ترقی میں موثر کردار کو بھی سراہا۔ چیئرمین سینیٹ نے اپنے پیغام کے اختتام پر اس امید کا اظہار کیا کہ ایسٹر ہمارے مسیحی بھائیوں اور بہنوں کے لیے امن اور خوشیوں کا باعث بنے اور ہمارے بھائی چارے کا رشتہ ہر گزرتے دن کے ساتھ مزید مضبوط ہو۔

سینیٹر شیری رحمان کی مسیحی برادری کو ایسٹر کی مبارکباد

وفاقی وزیرموسمیاتی تبدیلی سینیٹرشیری رحمان نے ایسٹرکے موقع پر مسیحی برادری کو مبارکباد دی ہے۔ اپنے ٹویٹ میں انہوں نے کہا ہے کہ ایسٹر کے پر مسرت موقع پر میں پاکستان کی مسیحی برادری اور دنیا بھر میں ایسٹر منانے والے تمام لوگوں کو مبارکباد اور نیک خواہشات پیش کرتی ہوں۔

پاکستان میں تعینات مسیحی خواتین سفارتکار اسلام آباد میں ایسٹر کے موقع پر سیلفی لیتے ہوئے۔

دعا ہے یہ دن آپ کے لیے بہت ساری خوشیاں اور مسکراہٹیں لائے۔ انہوں نے کہا کہ پاکستان کے قیام اور ترقی میں مسیحی برادری کا کردار اور خدمات قابل تعریف ہیں۔ ایک کثیر ثقافتی معاشرے کے طور پر یہ ضروری ہے کہ ہم تمام مذاہب اور تیہواروں کا احترام کریں۔

ایک دوسرے کی خوشیوں میں شریک ہوں اور مذہبی ہم آہنگی اور رواداری کو فروغ دیں۔ آیے ہم سب مل کر رواداری اور باہمی احترام کے اصولوں پر مبنی ایک پر امن معاشرے کو فروغ دیں۔

اسپیکر و ڈپٹی اسپیکر قومی اسمبلی کی مسیحی برادری کو مبارکباد

اسپیکر قومی اسمبلی راجہ پرویز اشرف اور ڈپٹی اسپیکر زاہد اکرم درانی نے ایسٹر کے پر مسرت موقع پر مسیح برادری سے تعلق رکھنے والے اراکین پارلیمنٹ اور مسیح برادری کو مبارکباد دی ہے۔ انہوں نے اس امید کا اظہار کیا کہ ایسٹر پوری مسیح برادری کے لیے خوشیوں اور خوشحالی کا پیغام ثابت ہوگا۔

فاطمہ چرچ اسلام آباد میں منعقدہ ایسٹر کی دعائیہ تقریب کا منظر

انہوں نے کہا حضرت عیسٰی علیہ السلام کو اللہ تعالیٰ نے محبت، رواداری اور بھائی چارے کی تبلیغ کے لیے مبعوث کیا۔ حضرت عیسٰی علیہ السلام کی محبت کا پیغام آج بھی سب قومیتوں اور برادریوں میں ہم آہنگی کو فروغ دینے اور دنیا میں امن کو یقینی بنانے کے لیے مشعل راہ ہے۔

انہوں نے کہا کہ ملک کو در پیش چیلنجوں کا مقابلہ کرنے کے لیے ہمیں اپنی صفوں میں اتحاد پیدا کرنا ہو گا۔ سپیکر نے پاکستان میں بسنے والی تمام اقلیتوں کو آئین میں دیے گئے حقوق اور قائدآعظم محمد علی جناح کے رہنما اصولوں کے مطابق تحفظ فراہم کرنے کے عزم کا اعادہ کیا۔ انہوں نے پاکستان میں بسنے والی مسیح برادری کے جذبہ حب الوطنی اور ملک کی ترقی اور خوشحالی کے لیے ان کی بے لوث خدمات کو سراہا۔

ڈپٹی سپیکر زاہد اکرم درانی نے بھی ایسٹر کے پر مسرت موقع پر مسیح اراکین پارلیمنٹ اور مسیح برادری کو مبارک باد دیتے ہوئے ملک کی تعمیر و ترقی میں مسیح برادری کے کردار کو سراہا۔ انہوں نے کہا کہ اسلام اقلیتی برادری کو مساوی حقوق دیتا ہے اور ان کے ساتھ میانہ روی سے پیش آنے کا درس دیتا ہے۔

ایسٹر کے موقع پر فاطمہ چرچ اسلام آباد میں لڑکیاں دعائیہ گیت گا رہی ہیں۔

انہوں نے قائداعظم کی 11 اگست 1947 کے قومی اسمبلی کے خطاب کا حوالہ دیتے ہوے کہا کہ پاکستان کا آئین تمام اقلیتی برادری کو اپنی مذہبی رسومات ادا کرنے کی مکمل آزادی دیتا ہے۔

آپ اور آپ کے پیاروں کی روزمرہ زندگی کو متاثر کرسکنے والے واقعات کی اپ ڈیٹس کے لیے واٹس ایپ پر وی نیوز کا ’آفیشل گروپ‘ یا ’آفیشل چینل‘ جوائن کریں

icon-facebook icon-twitter icon-whatsapp