وزیراعظم محمد شہباز شریف نے جسٹس یحییٰ آفریدی کو چیف جسٹس آف پاکستان پر مبارک باد پیش کی ہے اور کہا ہے کہ ان کا تجربہ، دانشمندی اور قانونی علم عدلیہ کو انصاف کی بالادستی اور قانون کی حکمرانی کو مضبوط بنانے میں رہنمائی کرے گا۔
اپنے خصوصی پیغام میں وزیراعظم شہباز شریف نے کہا کہ وہ جسٹس یحییٰ آفریدی کو چیف جسٹس آف پاکستان کا حلف اٹھانے پر مبارکباد پیش کرتے ہیں۔ ان کا تجربہ، دانشمندی اور قانونی علم عدلیہ کو انصاف کی بالادستی اور قانون کی حکمرانی کو مضبوط بنانے میں رہنمائی فراہم کرے گا۔
وزیراعظم شہباز شریف نے کہا ’مجھے یقین ہے کہ ان کی قیادت میں عدالتیں دیانتداری اور انصاف کے ساتھ پاکستانی عوام کی خدمت کرتی رہیں گی۔ ان کی مدت میں کامیابیوں کے حوالے سے میری نیک تمنائیں ان کےساتھ ہوں گی۔‘
I congratulate Justice Yahya Afridi on taking oath as the Chief Justice of Pakistan. His experience, wisdom and legal knowledge will guide the judiciary towards upholding justice and strengthening the rule of law. I am confident that under his leadership, the courts will continue…
— Shehbaz Sharif (@CMShehbaz) October 26, 2024
واضح رہے کہ آج جسٹس یحییٰ آفریدی نے سپریم کورٹ آف پاکستان کے 30ویں چیف جسٹس کی حیثیت سے اپنے عہدے کا حلف اٹھا لیا ہے۔ حلف برداری کی تقریب ایوان صدر اسلام آباد میں منعقد ہوئی، جہاں صدرمملکت آصف علی زرداری نے جسٹس یحییٰ آفریدی سے حلف لیا۔
تقریبِ حلف برداری میں وزیرِ اعظم شہباز شریف اور مسلح افواج کے سربراہان کے علاوہ سپریم کورٹ کے جسٹس اطہر من اللّٰہ، جسٹس عائشہ ملک، اعلیٰ عدلیہ کے سینیئر ججز اور سابق ججز، چیئرمین سینیٹ یوسف رضا گیلانی اور اسپیکر قومی اسمبلی ایاز صادق وزیر اعلیٰ پنجاب مریم نواز، گورنر سردار سلیم حیدر اور وزیر اعلیٰ خیبر پختونخوا علی امین گنڈاپور، گورنر فیصل کریم کنڈی، پارلیمنٹیرینز اور سرکاری حکام نے بھی شرکت کی۔
واضح رہے 12رکنی خصوصی پارلیمانی کمیٹی نے جسٹس یحییٰ آفریدی کی بطور چیف جسٹس پاکستان تعیناتی کی منظوری دی تھی، جس کے بعد وزیراعظم شہباز شریف نے صدر پاکستان کو جسٹس یحییٰ آفریدی کو چیف جسٹس پاکستان تعینات کرنے کی سفارش بھیجی تھی۔
پارلیمانی کمیٹی کی جانب سے جسٹس یحییٰ آفریدی کو نامزد کیے جانے پر صدر مملکت آصف علی زرداری نے 23 اکتوبر کو جسٹس یحییٰ آفریدی کی بطور چیف جسٹس آف پاکستان تعیناتی کی منظوری دے دی تھی۔
صدر پاکستان نے چیف جسٹس سپریم کورٹ کی تعیناتی آئین کے آرٹیکل 175 اے (3)، 177 اور 179 کے تحت کی ہے۔
صدر پاکستان نے جسٹس یحییٰ آفریدی کی تعیناتی 26 اکتوبر سے 3 سال کے لیے کی، اور 26اکتوبر کو عہدے کا حلف لینے کی بھی منظوری دی۔ اس کے ساتھ ہی وزارت قانون نے بھی جسٹس یحییٰ آفریدی کی تعیناتی کا نوٹیفکیشن بھی جاری کر دیا تھا۔