حکومت پنجاب نے اعتراف کیا ہے کہ لاہور میں اسموگ میں کمی اور اضافے کا انحصار بھارت پر ہے، گزشتہ روز شہر کا ایئر کوالٹی انڈیکس بہتر رہنے کے بعد آج پھر اس میں کئی گنا اضافہ ہوا ہے جس کے پیش نظر صوبائی حکومت نے آج پھر نیا اسموگ الرٹ جاری کردیا ہے۔
سینیئرصوباٸی وزیر مریم اورنگزیب کی جانب سے جاری کردہ اسموگ الرٹ میں لاہور کے شہریوں سے گھروں کی کھڑکیاں اور دروازے بند رکھنے اور ماسک پہننے کی اپیل کی گئی ہے۔
یہ بھی پڑھیں: لاہور میں اسموگ کا راج، اسکولوں میں نئے اوقات کار کا اطلاق
سینیئر وزیر کی جانب سے جاری بیان میں کہا گیا ہے کہ دہلی، امرتسر اور چندی گڑھ کی اسموگ تیز ہوا کے نتیجے میں لاہور میں داخل ہورہی ہے، گزشتہ روز ہوا تھمتے ہی لاہور کا ائیر کوالٹی انڈیکس 800 سے 191 پر آ گیا تھا۔
بیان میں مزید کہا گیا ہے کہ بھارت سے چلنے والی 7 کلومیٹر فی گھنٹہ کی رفتار سے ہوائیں لاہور میں داخل ہونے سے آلودگی میں یکدم اضافہ ہوتا ہے، بھارتی علاقوں میں فصل کی باقیات جلانے سے آلودگی بڑھی، تیز ہوا سے لاہور کا ائیر کوالٹی انڈیکس بھی متاثر ہورہا ہے۔
یہ بھی پڑھیں: فضائی آلودگی بڑھنے کا خدشہ، پنجاب حکومت کا اسموگ الرٹ جاری
مریم اورنگزیب نے کہا ہے کہ امرض قلب اور سانس کے مریض کھلی ہوا میں نہ جائیں۔ انہوں نے کہا کہ وزیراعلیٰ پنجاب مریم نواز شریف نے ہر شہری سے ماسک پہننے کی اپیل کی ہے۔
اسموگ کی صورت حال میں بچوں کی حفاظت اور سہولت کے لیے اسکول کا وقت صبح 8 بجکر 45 منٹ کیا گیا ہے، بچوں کو ماسک لازمی پہنائیں تاکہ انہیں موسمی شدت سے بچایا جاسکے، والدین اور اسکول انتظامیہ سے اپیل ہے کہ حفاظتی انتظامات میں غفلت نہ برتیں۔
یہ بھی پڑھیں: اسموگ بڑھنے کا سبب کیا ہے؟
مریم اورنگزیب نے عوام سے اپنی گاڑیوں کوچیک کرنے، ٹریفک جام سے بچنے اورفصلوں کی باقیات کو نہ جلانے کی اپیل کی ہے اور خبردار کیا ہے کہ دھواں چھوڑنے والی گاڑیاں بند کردی جائیں گی، کوٸی بھٹہ زگ زیگ کے بغیر نہیں چلے گا اور آگ لکانے والوں کو گرفتار کیا جائے گا۔
واضح رہے کہ محکمۂ تحفظ ماحول پنجاب نے گزشتہ روز اسموگ الرٹ جاری کرتے ہوئے بتایا تھا کہ امرتسر سے چلنے والی اسموگ سے متاثر ہوا کا دباؤ بڑھ گیا ہے جس کی وجہ سے لاہور سمیت پنجاب کے بعض 24 گھنٹے کے اوسط ایئر کوالٹی انڈیکس میں غیر معمولی اضافہ ہواہے۔