الیکشن ٹربیونلز کی تشکیل، سپریم کورٹ فیصلے کیخلاف پی ٹی آئی کی نظرثانی درخواست دائر

منگل 29 اکتوبر 2024
icon-facebook icon-twitter icon-whatsapp

پاکستان تحریک انصاف (پی ٹی آئی) نے پنجاب الیکشن ٹریبونلز کی تشکیل کے معاملے پر سپریم کورٹ کے فیصلے کو چیلنج کردیا ہے۔

رہنما تحریک انصاف سلمان اکرم راجہ نے سپریم کورٹ کے 30 ستمبر کو سنائے گئے فیصلے کے خلاف نظرثانی درخواست دائر کی ہے، جس میں مؤقف اختیار کیا گیا ہے کہ چیف جسٹس لاہور ہائیکورٹ اور چیف الیکشن کمشنر کی ملاقات الیکشن ٹریبونلز کی تبدیلی کی وجہ نہیں بن سکتی۔

یہ بھی پڑھیں: الیکشن ٹربیونلز کی تشکیل، سپریم کورٹ نے لاہور ہائیکورٹ کا فیصلہ کالعدم قرار دیدیا

درخواست میں کہا گیا ہے کہ الیکشن ٹریبونل کا جج کون ہوگا یہ فیصلہ چیف جسٹس کا اختیار ہے، 4 اپریل کو لاہور ہائیکورٹ رجسٹرار نے 6 الیکشن ٹریبونلز کو نوٹیفائی کیا، چیف جسٹس لاہور ہائیکورٹ اور چیف الیکشن کمشنر ملاقات کے بعد الیکشن ٹریبونلز کے لیے حاضر سروسز ججز کے نام واپس ہوگئے۔

CamScanner 10-29-2024 10.30 by Syed Awad

 

واضح رہے کہ 30 ستمبر کو سابق چیف جسٹس آف پاکستان جسٹس قاضی فائز عیسیٰ کی سربراہی میں سپریم کورٹ کے 5 رکنی بینچ نے پنجاب میں الیکشن ٹربیونلز کی تشکیل کے معاملے میں لاہور ہائیکورٹ کے سنگل رکنی بینچ کا 12 جون 2024 کا فیصلہ کالعدم قرار دیا تھا۔

یہ بھی پڑھیں: سپریم کورٹ: پنجاب میں الیکشن ٹریبونلز کو فعال بنانے کا کیس ڈی لسٹ

دوران سماعت سپریم کورٹ نے  لاہور ہائیکورٹ کے فیصلے کے خلاف الیکشن کمیشن کی اپیل منظور کرتے ہوئے ریمارکس دیے تھے کہ لاہور ہائیکورٹ کا سنگل ہائیکورٹ کا فیصلہ بطور عدالتی نظیر بھی پیش نہیں کیا جا سکتا۔

قبل ازیں، سپریم کورٹ آف پاکستان نے 13 اگست کو پنجاب میں الیکشن ٹریبونلز کو فعال بنانے کا کیس سماعت کے لیے مقرر کیا تھا۔ یہ بھی یاد رہے کہ سپریم کورٹ نے اس سے قبل ٹریبونلز ججز تعینات کرنے کے لاہور ہائیکورٹ کے فیصلے پر حکم امتناع جاری کرتے ہوئے الیکشن کمیشن اور چیف جسٹس لاہور ہائیکورٹ کی مشاورت تک کیس کی سماعت ملتوی کی تھی۔

یہ بھی پڑھیں: پنجاب میں الیکشن ٹریبونلز فعال بنانے کے لیے سلمان اکرم راجہ کا سپریم کورٹ سے رجوع

اس سے قبل سینیئر قانون دان سلمان اکرم راجا نے سپریم کورٹ میں درخواست دائر کرتے ہوئے موقف اختیار کیا تھا کہ لاہور ہائیکورٹ کی جانب سے ٹریبونلز کے لیے تعینات ججز کا فیصلہ درست تھا، الیکشن کمیشن کا لاہور ہائیکورٹ کی جانب سے تعینات ججز کو نہ ماننے کے پیچھے قانونی جواز نہیں۔

آپ اور آپ کے پیاروں کی روزمرہ زندگی کو متاثر کرسکنے والے واقعات کی اپ ڈیٹس کے لیے واٹس ایپ پر وی نیوز کا ’آفیشل گروپ‘ یا ’آفیشل چینل‘ جوائن کریں

icon-facebook icon-twitter icon-whatsapp