وزیراعظم پاکستان میاں شہباز شریف نے کہا ہے کہ قطرپاکستان کا دوسرا گھر ہے، پاکستان قطر کے ساتھ اپنے تعلقات کو انتہائی قدر کی نگاہ سے دیکھتا ہے اور اہمیت دیتا ہے۔ قطر میں مقیم پاکستان دونوں ممالک کے درمیان تعلقات مستحکم بنانے میں اہم کردار ادا کر رہے ہیں۔
یہ بھی پڑھیں:وزیر اعظم شہباز شریف کا قطر میں مصروف دن، ہم منصب سے ملاقات ہوگی
جمعرات کو قطر میں ’قطر میوزیم ‘ میں منعقدہ ’منظر‘ نمائش کی تقریب سے اور افتتاح کے موقع پر خطاب کرتے ہوئے وزیر اعظم پاکستان شہباز شریف نے کہا کہ اس نمائش میں یاسمین لاری، عمر وسیم، ماریہ لقمان اور بہت سے دیگر افراد کی کاؤشیں نا قابل فراموش ہیں، نمائش میں پاکستان کے کچھ جدید ترین ذہنوں کے نئے کام شامل ہیں جو فنکارانہ صلاحیتوں کو اجاگر کرنے کے لیے نئے نقطہ نظر کو پیش کرتے ہیں۔
وزیر اعظم نے کہا کہ قطر میوزیم اور پاکستان سے تعلق رکھنے والے کیوریٹرز، آرکیٹیکٹس اور ماہرین جیسے زمینہ شاہ اور رضاعلی دادا کی مشترکہ کاؤشیں اس جذبے کو ظاہر کرتی ہیں جس نے ’منظر‘ کے بھرپور انتظامات کیے ہیں۔
مزید پڑھیں: وزیر اعظم شہباز شریف دورہ سعودی عرب مکمل کرکے قطر روانہ
وزیراعظم نے کہا کہ میں دل کی گہرائیوں سے ان عظیم پاکستانیوں کا شکریہ ادا کرنا چاہتا ہوں جنہوں نے اس نمائش میں شاندار انداز میں حصہ لیا۔
انہوں نے کہا کہ یہ نمائش آرٹ مل میوزیم، قطر میوزیم، قطر میں پاکستانی سفارت خانے، پاکستان میں نیشنل ہیریٹیج اینڈ کلچر ڈویژن، الحمرا آرٹ میوزیم، پاکستان نیشنل کونسل آف آرٹس اور پاکستان کے مختلف اداروں اور نجی کلکٹرز کے درمیان مضبوط اور کامیاب تعاون کا ایک بڑا ثبوت ہے۔
وزیر اعظم پاکستان نے کہا کہ مشترکہ کاؤشوں، لگن، عزم اور ہماری قوم کے فنکارانہ ارتقا کا اظہار اس قابل ذکر نمائش میں ہوا ہے۔ میں اپنی کمیونٹی میں آرٹ اور تخلیقی صلاحیتوں کا روشن مستقبل دیکھ رہا ہوں۔ میں ہر ایک کی حوصلہ افزائی کرتا ہوں، چاہے وہ یہاں قطر میں رہتا ہو، قطر سے باہر یا اس عظیم شہر میں ہو۔
یہ بھی پڑھیں: سعودی عرب پاکستان میں مزید 600 ملین ڈالر کی سرمایہ کاری کرے گا، دونوں ممالک میں اتفاق
انہوں نے کہا کہ قطر میں ایک بڑی اور متحرک پاکستانی کمیونٹی دونوں ممالک کے درمیان مضبوط ترین پل کی حیثیت رکھتی ہے اور مجھے امید ہے کہ نہ صرف قطر بلکہ خلیج اور مغرب میں مقیم پاکستانی تارکین وطن بڑی تعداد میں اس نمائش کا دورہ کریں گے۔
وزیر اعظم نے کہا کہ آئیے ہم اس عظیم لمحے کا جشن منائیں، اس خوبصورتی کی حقیقی عکاسی کریں جو اس وقت ہمارے سامنے ہے، جب ثقافتیں باہمی احترام، تخلیقی صلاحیتوں اور تفہیم کے جذبے کے ساتھ یکجا ہوتی ہیں تو روابطہ مزید گہرے ہونے لگتے ہیں۔ دعا ہے کہ ’منظر‘ نمائش کے ذریعے پاکستان، قطر کے علاوہ تمام تر دنیا کے درمیان پل کا کردار ادا کرے۔
شہباز شریف نے امیرِ قطر کو مخاطب کرتے ہوئے کہا کہ ہم 2005 میں تباہ کن زلزلے کے دوران آپ کے دورہ پاکستان کو آج بھی یاد کرتے ہیں اور زلزلے کے اثرات میں آپ کی خدمات کو آنے والے وقت میں ہمیشہ یاد رکھا جائے گا۔ لہٰذا آپ کی تمام خدمات اور آپ کی فلاحی خدمات کے لیے، میں آپ کی قیادت کو سلام پیش کرنا چاہتا ہوں اور یقیناً ملک کی سلامتی کے لیے بھی دعا گو رہوں گا۔
وزیر اعظم نے کہا کہ میں امیر قطر کا مشکور ہوں جنہوں نے مجھے اپنے ملک کے دورے کی دعوت دی اور میرے ملک میں آنے کی میری دعوت کو قبول کیا۔
اس سے قبل وزیراعظم محمد شہباز شریف نے قطر کے امیر شیخ تمیم بن حمد الثانی کے ہمراہ قطر کے نیشنل میوزیم میں پاکستانی فن پاروں کی گیلری کا دورہ کیا۔ دوطرفہ وفود کی سطح کی ملاقاتوں میں شرکت کے بعد امیر قطر اور وزیراعظم نے ایک ساتھ میوزیم کا دورہ کیا۔
امیر قطر اور ان کی بہن شیخہ المیاصہ بنت حماد بن خلیفہ الثانی جو قطر میوزیم کی چیئرپرسن بھی ہیں نے وزیر اعظم کو نمائش میں موجود فن پارے دکھائے اور منتظمین اور پاکستانی فنکاروں کو غیر رسمی اور دوستانہ ماحول میں متعارف کرایا۔
وزیراعظم محمد شہباز شریف نے “منظر” کے عنوان سے آرٹ گیلری میں نمائش کے انعقاد اور پاکستانی فنکاروں کے فن کو فروغ دینے پر قطر کا شکریہ ادا کیا۔ انہوں نے کہا کہ اس نمائش کا انعقاد ہر پاکستانی کے لیے فخر کی بات ہے۔
وزیراعظم نے اس بات پر زور دیا کہ پاکستانی فن پاروں پر مبنی نمائش’منظر‘ اور آرٹ گیلری کا قیام پاکستان اور قطر کے درمیان مضبوط بھائی چارے اور سماجی تعلقات کی عکاسی کرتا ہے۔
دورے کے دوران وزیراعظم شہباز شریف نے معروف ماہر تعمیرات نیر علی دادا، پاکستانی فوٹوگرافرز، مصوروں، خطاطوں اور دیگر فنکاروں سے بھی ملاقاتیں کیں۔ نمائش میں پاکستانی پینٹنگز، فوٹوگرافی، خطاطی اور دیگر فن پاروں کی نمائش کی گئی۔
نمائش میں شاکر علی، صادقین، گل جی، زبیدہ آغا، کامل علی ممتاز، نیر علی دادا اور کئی دیگر پاکستانی فنکاروں کے فن پاروں کی نمائش کی گئی۔
دریں اثناء وزیراعظم عمران خان نے اپنی ایک پوسٹ میں لکھا کہ ہم قطر کے امیر شیخ تمیم بن حمد الثانی کے پرتپاک استقبال سے بہت متاثر ہوئے ہیں۔ انہوں نے کہا کہ پاکستان قطر کے ساتھ اپنی دوستی کے خصوصی بندھن کو بہت قدر کی نگاہ سے دیکھتا ہے۔ اس دورے میں ہم پاک قطر تعلقات کو مزید تقویت دے رہے ہیں۔