ہمارے سیاست دان ایک دوسرے کو معاف کرنے کے لیے تیار نہیں : عارف علوی

پیر 10 اپریل 2023
icon-facebook icon-twitter icon-whatsapp

صدر مملکت ڈاکٹر عارف علوی نے کہا ہے کہ درگزر کو اپنائیں اس سے میرا ملک طاقت ورہو گا۔

پاکستان علماء کونسل کے زیراہتمام پانچویں سالانہ پیغام اسلام کانفرنس سے خطاب کرتے ہوئے عارف علوی نے کہا کہ ہمارے سیاست دان ایک دوسرے کو معاف کرنے کے لیے تیار نہیں ۔

انہوں نے کہا کہ اسلام ہمیں معاف کرنے کا درس دیتا ہے لیکن مسلمانوں کے اندر درگزر نہیں ۔ آج عام پاکستانی بھی سوال اٹھاتا ہے کہ کون سی ایسی بات ہے جس کو سیاست دان مل بیٹھ کر طے نہیں کرسکتے ۔

صدر مملکت کا کہنا تھا کہ سعودی ولی عہد محمد بن سلیمان کی جانب سے ایران کے ساتھ دوستی کا فیصلہ بہت بڑا قدم ہے اور اس اقدام سے نجانے کتنے دلوں سے ان کے لئے دعائیں نکلی ہیں۔

صدرعلوی نے کہا کہ مسلمانوں کو اپنی طاقت اور معیشت بہتر کرنے کی ضرورت ہے اور پاکستانیوں کو اپنے مسائل مل بیٹھ کر ہی حل کرنے ہوں گے ۔

عارف علوی نے کہا کہ بنگلہ دیش بھی ہمارا حصہ تھا لیکن اس نے بہت ترقی کی ہے ۔ آج ان کی جی ڈی پی اور فی کس آمدنی ہم سے کہیں بہتر ہے۔

ان کا کہنا تھا کہ آج مسجد اقصیٰ پر دھاوا بولا جارہا ہے جبکہ ہندوستان میں مسجدیں شہید کرنے کے علاوہ مسلمانوں کو رام رام کرنے پر مجبور کیا جارہا ہے ۔ مجھے ڈر لگتا ہے کہ کہیں اللہ ہمیں بھول تو نہیں گیا ۔

صدر مملکت نے اس خدشے کا اظہار کیا کہ ہندوستان میں مسلمانوں کی نشل کشی کا امکان ہے ۔

انہوں نے کہا کہ اللہ قیادت بھی ان کو دیتا ہے جو دنیا میں ترقی کرتے ہیں ۔

کوئی آگے بڑھ کر سیاسی جماعتوں کو ساتھ بٹھائے ، طاہر اشرفی

اس سے قبل پاکستان علماء کونسل کے چیئرمین حافظ محمد طاہر اشرفی نے خطاب کرتے ہوئے کہا کہ ایران اور سعودی عرب کے تعلقات بہتر ہونے سے فرقہ واریت میں کمی آئے گی۔

طاہر اشرفی کا کہنا تھا کہ کسی کو آگے بڑھ کر ساری سیاسی جماعتوں کو ساتھ بٹھانا چاہیےکیوں کہ پاکستان امت کی وحدت کا مرکز ہے اور یہاں پاکستانی قوم اور فوج کو تقسیم کرنے کی سازشیں ہو رہی ہیں ۔

انہوں نے کہا کہ ہمارا مرکز مکہ اور مدینہ ہے ۔ آج امن کے لئے اٹھائے گئے اقدام کی وجہ سے سعودی ولی عہد محمد بن سلیمان کو قائد السلام کہا جا رہا ہے ۔

کانفرنس سے سعودی سفیر نواف بن سعید المالکی اور فلسطین کے سفیر نے خطاب کرتے ہوئے اتحاد امت پر زور دیا ۔

کانفرنس میں وزیراعظم کے معاونین خصوصی قمر زمان کائرہ، فیصل کریم کنڈی اور سینیٹر مشاہد حسین سید نے بھی شرکت کی ۔

آپ اور آپ کے پیاروں کی روزمرہ زندگی کو متاثر کرسکنے والے واقعات کی اپ ڈیٹس کے لیے واٹس ایپ پر وی نیوز کا ’آفیشل گروپ‘ یا ’آفیشل چینل‘ جوائن کریں

icon-facebook icon-twitter icon-whatsapp