امریکا کی بیشتر ریاستوں میں منگل کو ہونے والے صدارتی انتخابات میں پولنگ کا وقت ختم ہوچکا اور اب تک کے نتائج کے مطابق ری پبلکن پارٹی کے امیدوار ڈونلڈ ٹرمپ کو 195 الیکٹورل ووٹس کے ساتھ 15 ریاستوں جبکہ ڈیموکریٹک پارٹی کی امیدوار کملا ہیرس کو 7 ریاستوں اور واشنگٹن ڈی سی میں برتری حاصل ہے۔
تاہم، اس وقت امریکی شہریوں سمیت دنیا بھر کی نظریں 7 سوئنگ اسٹیٹس پر ہیں جن میں ایریزونا، جارجیا، مشی گن، نویڈا، نارتھ کیرولائنا، پنسلوینیا اور وسکونسن شامل ہیں۔ ان 7 ریاستوں میں سامنے آنے والے الیکشن نتائج امریکا کے مستقبل کے صدر کا تعین کریں گے۔
یہ بھی پڑھیں: امریکی صدارتی انتخابات، زبردست ٹرن آؤٹ کے ساتھ دن بھر کیا ہوتا رہا؟
سوئنگ ریاستوں میں پنسیلوینیا کو خاص اہمیت حاصل ہے، جہاں اب تک 54 فیصد ووٹوں کی گنتی مکمل ہوچکی ہے۔ ووٹوں کی گنتی شروع ہونے سے قبل وہاں پولنگ کی کیا صورتحال تھی، اس حوالے سے پنسلوینیا کے شہر ہیرس برگ میں موجود نمائندہ وی نیوز نے اپنی ویڈیو رپورٹ میں بتایا کہ پولنگ اسٹیشنز میں ووٹرز کا زیادہ رش نہیں ہے کیونکہ بیشتر امریکی پولنگ ڈے سے قبل اپنے ووٹ کاسٹ کرچکے تھے۔
نمائندہ وی نیوز نے بتایا کہ پنسلوینیا میں پولنگ کا عمل منگل کی صبح 7 بجے شروع ہو جو رات 8 بجے تک جاری رہا، پنسلوینیا میں کملا ہیرس اور ڈونلڈ ٹرمپ دونوں کو لوگوں کی بڑی تعداد کی حمایت حاصل ہے، خواتین ووٹرز کملا ہیرس جبکہ نوجوان ڈونلڈ ٹرمپ کو ترجیح دے رہے ہیں، پنسلوینیا میں ووٹنگ ٹرینڈ کا ابھی کسی ایک جانب جھکاؤ واضح نہیں ہے، دونوں امیدواروں میں سخت مقابلہ ہے اور اس ریاست سے کسی بھی امیدوار کی جیت کا مرجن بہت کم ہوگا۔
یہ بھی پڑھیں: ایک گلہری کی موت امریکی صدارتی انتخابات کا موضوع کیوں؟
انہوں نے بتایا کہ پنسلوینیا انتظامیہ کی جانب سے انتخابی نتائج میں تاخیر کی کی بات کی جارہی ہے اور کہا جارہا ہے کہ نتائج آنے میں 2 سے 3 دن بھی لگ سکتے ہیں، لیکن ری پبلکن پارٹی کے امیدوار ڈونلڈ ٹرمپ نے کہا ہے کہ اگر نتائج میں تاخیر ہوئی تو اس کو بالکل بھی برداشت نہیں کریں گے۔
امریکی صدارتی انتخابات؛ پولنگ کا عمل جاری، پنسلوینیا میں ووٹرز ٹرنڈ کیا ہے؟ ووٹرز کس امیدوار کو زیادہ ترجیح دے رہے ہیں؟ رپورٹ کر رہے ہیں پنسولوینیا کے شہر ہیرس برگ سے زبیر علی خان@ZubairAlikhanUN pic.twitter.com/yZYoBhxIwN
— WE News (@WENewsPk) November 5, 2024
نمائندہ وی نیوز بات کرتے ہوئے ایک ووٹر نے بتایا پولنگ کا عمل بہت آسان تھا۔ انہوں نے بتایا کہ انتخابات میں ووٹ دینا ہمارے لیے ایک اعزاز کی بات ہے۔ ایک سوال کے جواب میں انہوں نے کہا کہ میں یہ نہیں بتاؤں گا کہ میں نے کس کو ووٹ دیا لیکن مجھے امید ہے کہ ہم ہی جیتیں گے۔ انہوں نے بتایا کہ 2016 کے علاوہ پنسلوینیا سے زیادہ تر ڈیموکریٹ امیدوار ہی جیتیں ہیں۔ ان کا کہنا تھا کہ پنسلوینیا میں ٹرینڈ تبدیل ہوسکتا ہے، اس بارے میں حتمی طور پر کچھ نہیں کہا جاسکتا۔
یہ بھی پڑھیں: امریکی صدارتی انتخابات کے 5 مراحل کونسے، دلچسپ معلومات
نمائندہ وی نیوز نے بتایا کہ پنسلوینیا میں قبل از انتخابات ووٹنگ کے ذریعے 16 لاکھ افراد نے اپنے ووٹ کاسٹ کیے، یہ ریاست اس لیے بھی اہم ہے کیونکہ الیکٹورل کالج کی سب سے زیادہ 19 ووٹ اسی ریاست کے پاس ہیں، یہ کہا جارہا ہے کہ جو امیدوار پنسلوینیا سے جیتے گا وہ امریکی صدر منتخب ہوجائے گا۔
انہوں نے بتایا کہ پولنگ اسٹیشنز کے باہر ری پبلکن اور ڈیموکریٹک پارٹی کے بینرز بھی آویزاں کیے گئے، انتخابی مہم کے دوران دونوں جماعتوں کی جانب سے معیشت کی بہتری، خواتین کے حقوق اور سماجی مسائل کے حل پر بات کی۔ انہوں نے کہا کہ امریکی مسلمان تنازعہ فلسطین کو سامنے رکھ کر اپنے ووٹ کا فیصلہ کررہے ہیں، امریکی سیاسی جماعت ’گرین پارٹی‘ کو مسلمان کمیونٹی کی حمایت حاصل ہے۔
یہ بھی پڑھیں: امریکی صدارتی انتخابات: پہلا ووٹ کہاں کاسٹ ہوا؟
نمائندہ وی نیوز نے بتایا کہ گرین پارٹی کا مؤقف ہے کہ ری پبلکن اور ڈیموکریٹک پارٹی کی فلسطین کے حوالے سے یکساں پالیسی ہے، یہی وجہ ہے کہ امریکی مسلمان گرین پارٹی کی حمایت کررہے ہیں تاکہ مقتدر حلقوں کو یہ پیغام مل سکے کہ وہ اس پارٹی کی حمایت کرتے ہیں جو فلسطین کے مسئلے کو سنجیدگی سے حل کرنا چاہتی ہے۔