دنیا بھر کی نظریں امریکی انتخابات اور ان کے نتائج پر ہیں۔ منگل کو ہونے والے انتخابات میں بعض پاکستانی نژاد امریکی شہریوں نے بھی حصہ لیا۔ میڈیا رپورٹس کے مطابق، اب تک 2 پاکستانی نژاد شہری امریکی انتخابات میں کامیابی حاصل کرچکے ہیں۔
اب تک کے نتائج کے مطابق، کراچی سے تعلق رکھنے والے پاکستانی نژاد امریکی سلمان بھوجانی اور سلیمان لالانی ایک بار پھر ٹیکساس اسمبلی کے رکن منتخب ہوچکے ہیں۔ سلیمان لالانی اور سلمان بھوجانی ٹیکساس اسمبلی میں پہلے مسلمان اور جنوبی ایشیائی نمائندے ہیں۔
یہ بھی پڑھیں: امریکی انتخابات میں کتنے پاکستانی نژاد شہری قسمت آزما رہے ہیں؟
سلیمان لالانی ایک میڈیکل ڈاکٹر اور سیاستدان ہیں جو ٹیکساس کے ایوان نمائندگان کے حلقہ 76 کے نمائندہ ہیں۔ ان کا تعلق ڈیموکریٹک پارٹی سے ہے۔ سلمان بھوجانی نے ڈیموکریٹک پارٹی کی جانب سے ریاستی حلقے 92 سے الیکشن لڑا، تاہم ان کےمقابلے میں کسی ریبلکن امیدوار نے کاغذات جمع نہیں کرائے۔
ریاست مشی گن سے پاکستانی نژاد امریکی عائشہ فاروقی انتخابات میں ناکام ہوگئی ہیں۔
کتنے پاکستانی امریکی شہریوں نے انتخابات میں حصہ لیا؟
خیال رہے کہ امریکی انتخابات میں حصہ لینے والے پاکستانی نژاد امریکیوں میں سلیمان لالانی، سلمان بھوجانی اور عائشہ فاروقی کے علاوہ نیویارک سے ری پبلکن پارٹی کے ٹکٹ پر عامر، ریاست پینسلوینیا سے ڈیموکریٹک پارٹی کے ٹکٹ پر مریم صبیح امیدوار ہیں جبکہ کانگریس کے لیے واحد امیدوار ایرن بشیر پنسلوینیا سے انتخاب لڑرہے ہیں۔
یہ بھی پڑھیں: صدارتی انتحابات: پاکستانی نژاد امریکی سلمان بھوجانی دوسری بار بلامقابلہ ٹیکساس کے رکن اسمبلی منتخب
اب تک کتنے مسلمان امریکیوں کو کامیابی حاصل ہوئی؟
منگل کو ہونے والے انتخابات میں ڈیموکریٹک پارٹی کی فلسطینی نژاد راشدہ طلیب دوبارہ کانگریس کی رکن منتخب ہوچکی ہیں۔ ڈیموکریٹک پارٹی کے مسلم امیدوار آندرے کارسن ریاست انڈیانا سے نویں بار امریکی کانگریس کے رکن منتخب ہوچکے ہیں۔ اس کے علاوہ صومالی نژاد الہان عمر بھی ایک بار پھر کانگریس کی رکن منتخب ہوئی ہیں۔