انتخابی مہم کے دوران ڈونلڈ ٹرمپ کی خاموشی، عمران خان کے حامیوں کے لیے کیا پیغام ہے؟

بدھ 6 نومبر 2024
icon-facebook icon-twitter icon-whatsapp

انتخابی مہم کے دوران امریکی صدر ڈونلڈ ٹرمپ کی بانی چیئرمین تحریک انصاف عمران خان سے متعلق خاموشی اس بات کا اشارہ ہے کہ جیل میں قید سابق وزیر اعظم عمران خان زیادہ وسیع طور پر ڈونلڈ ٹرمپ کی ترجیحات کی فہرست میں شامل نہیں ہیں۔

صحافی مائیکل کوگلمین کے مطابق بانی پی ٹی آئی عمران خان کے حامیوں کی امیدوں کے برعکس، اپنی انتخابی مہم کے دوران ڈونلڈ ٹرمپ نے عمران خان کی گرفتاری اور پاکستان کی موجودہ صورتحال پر کوئی گفتگو نہیں کی، جبکہ گزشتہ ہفتے ڈونلڈ ٹرمپ نے اپنے ایک بیان میں بنگلہ دیش میں ہندوؤں اور دیگر مذہبی اقلیتوں کے ساتھ روا رکھے جانے والے سلوک کی مذمت کرتے ہوئے بھارت کی طرف داری کی تھی۔

مزید پڑھیں: ان قیاس آرائیوں میں کوئی جان نہیں کہ ٹرمپ الیکشن جیت کر عمران خان کو رہائی دلوائیں گے، ساجد تارڑ

ڈونلڈ ٹرمپ نے کہا تھا کہ بنگلہ دیش مجموعی طور پر افراتفری کی حالت میں ہے، ٹرمپ نے ہندوستان کے ساتھ امریکی شراکت داری کی بھی تعریف کی۔ جس پر امریکی بھارتی کارکنوں نے کہا کہ یہ تبصرے ان کی وکالت کا نتیجہ ہیں۔

دوسری جانب سابق پاکستانی وزیر اعظم عمران خان کے حامیوں کو امید تھی کہ ڈونلڈ ٹرمپ، عمران خان کی حالت زار پر توجہ دلانے کے لیے کچھ پوسٹ کرنے کا وقت نکالیں گے لیکن ایسا نہیں ہوا۔

حکومت نے فروری میں ہونے والے قومی انتخابات سے قبل تحریک انصاف کے خلاف سخت کریک ڈاؤن کیا۔ تاہم، عمران خان کے حامیوں میں سے تقریباً 6لاکھ 25ہزار پاکستانی نژاد امریکی کمیونٹی کا خیال ہے کہ ٹرمپ دوسری مدت کے لیے سابق وزیر اعظم کی وکالت میں دلچسپی لیں گے۔

یہ بھی پڑھیں یہ بات فضول ہے کہ ڈونلڈ ٹرمپ اقتدار میں آکر عمران خان کو رہا کروا دیں گے، مشیر ساجد تارڑ

ان کا کہنا ہے کہ جب ڈونلڈ ٹرمپ صدر تھے تو انہوں نے عمران خان جو اس وقت کے وزیر اعظم تھے سے وائٹ ہاؤس سمیت کئی بار ملاقات کی اور انہیں ایک اچھا دوست کہا۔

لیکن خیال رہے ٹرمپ کی جانب سے یہ قربتیں ممکنہ طور پر حقیقی دوستی کی وجہ سے کم اور افغانستان سے امریکی انخلا کے عمل کو شروع کرنے کے لیے طالبان کے ساتھ ملاقاتوں میں مدد فراہم کرنے کی خواہشات زیادہ تھیں۔

واضح رہے ڈونلڈ ٹرمپ کی اپنی انتخابی مہم کے دوران خان پر خاموشی ظاہر کرتی ہے کہ سابق وزیر اعظم عمران خان اور پاکستان ممکنہ طور پر ان کی ترجیحات کی فہرست میں زیادہ نہیں ہوں گے۔

آپ اور آپ کے پیاروں کی روزمرہ زندگی کو متاثر کرسکنے والے واقعات کی اپ ڈیٹس کے لیے واٹس ایپ پر وی نیوز کا ’آفیشل گروپ‘ یا ’آفیشل چینل‘ جوائن کریں

icon-facebook icon-twitter icon-whatsapp