اسموگ: پنجاب کے متعدد اضلاع میں اسکول بند، آن لائن کلاسز کا اعلان

بدھ 6 نومبر 2024
icon-facebook icon-twitter icon-whatsapp

حکومت پنجاب نے صوبے کے مختلف اضلاع میں اسموگ میں اضافے کے پیش نظر ہائیر سیکنڈری تک تمام اسکولز بند کرکے آن لائن کلاسز شروع کرنے کا اعلان کیا ہے۔

ڈی جی ماحولیات نے پنجاب کے مختلف اضلاع میں اسموگ کے پیش نظر تعلیمی ادارے بند کرنے کا نوٹیفکیشن بھی جاری کردیا ہے جس کے مطابق اسکول بند رکھنے کا اطلاق 7 سے 17 نومبر تک ہوگا، اس دوران نجی و سرکاری ادارے بارہویں جماعت اور اے لیولز تک بند رہیں گے۔ نوٹیفکیشن میں کہا گیا ہے کہ تعلیمی ادارے آن لائن کلاسز پر منتقل ہوں گے، فیصلے کا اطلاق لاہور، شیخوپورہ، قصور، ننکانہ صاحب، گوجرانوالہ، گجرات، حافظ آباد، منڈی بہاؤالدین پر ہوگا۔

یہ بھی پڑھیں: انسداد اسموگ: لاہور میں گرین لاک ڈاؤن کے بعد مصنوعی بارش کب ہوگی؟

قبل ازیں، لاہور میں پریس کانفرنس کرتے ہوئے سینئر صوبائی وزیر مریم اورنگزیب نے کہا کہ پرائمری تک جو اسکول پہلے سے بند تھے ان کی بندش کا دورانیہ بڑھادیا گیا ہے، اس کے ساتھ اب ہائیر سیکنڈری تک اسکولز بند کررہے ہیں تاہم چھٹیاں نہیں ہوں گی بلکہ آن لائن کلاسز ہوں گی۔ انہوں نے کہا کہ 17 نومبر تک لاہور، گوجرانولہ، فیصل آباد اور ملتان ڈویژن میں آن لائن کلاسز ہوں گی، اسی طرح سرکاری اور نجی دفاتر میں 50 فیصد افسران کام کریں گے، سرکاری دفاتر میں زوم میٹنگز ہوں گی اور ماسک ہر سطح پر ضروری کردیا گیا ہے۔

انہوں نے کہا کہ فصلوں کی باقیات جلانے سے اسموگ میں اضافہ ہورہا ہے، پلاسٹک بیگز پر پابندی ہے مگر خلاف ورزی ہورہی ہے، اگر آپ نے ماسک نہیں پہنا تو آپ میتھین گیس اپنے پھیپڑوں میں پہنچارہے ہیں۔ انہوں نے کہا کہ آئندہ 10 روز تک اسموگ کی شدت برقرار رہے گی، اسموگ کے خاتمے کے لیے تمام محکمے کام کررہے ہیں، ایئر کوالٹی انڈیکس کی مانیٹرنگ کے لیے کنٹرول روم جدید آلات سے بنایا گیا ہے۔

یہ بھی پڑھیں: دنیا کے آلودہ ترین شہروں میں لاہور کا پہلا نمبر، ایک ہفتے کے لیے اسکول بند کرنے کا اعلان

سینئر صوبائی وزیر کا کہنا تھا کہ بھارت سے ہوا پاکستان کی جانب آئی جس سے اسموگ میں اضافہ ہوا، بھارت میں فصلوں کی باقیات جلانے اور دھویں سے فضائی آلودگی میں اضافہ ہوا، بھارت کی طرف سے چلنے والی ہواؤں سے سب سے زیادہ لاہور متاثر ہوا، راجھستان، بیکانیر کی طرف سے ہوا ملتان کی طرف ہے،  ملتان کا ائیرکوالٹی انڈکس بھی بری طرح متاثر ہے، آج ائیرکوالٹی 1150 تک رہا، کل ائیرکوالٹی انڈکس 500 تک رہا جو بہت خطرناک ہے، یہ معاملہ بھارت سے بات کیے بغیر حل نہیں ہو سکتا، بھارت سے بات کرکے ہی یہ معاملہ ٹھیک ہوسکتا ہے۔

انہوں نے مزید کہا کہ عوام اسموگ کی صورتحال میں احتیاطی تدبیر اختیار کریں، ہماری ٹیمیں فیلڈ میں ہیں، صورتحال کو دیکھ رہے ہیں، جہاں بھی جائیں تو بچوں کو باہر نہ نکالیں، سیف سٹی، ٹریفک پولیس بھی ماسک پہننے پر عملدرآمد کرے گی، بزرگ افراد گھروں سے باہر نہ نکلیں، اسموگ ایس او پیز کی خلاف ورزی پر گرفتاریاں بھی کی جارہی ہیں، اسموگ خلاف ورزی پر کوئی رعایت نہیں کی جائے گی۔

واضح رہے کہ سینئر وزیر پنجاب مریم اورنگزیب نے اسموگ کے پیش نظر 3 نومبر کو لاہور میں ایک ہفتے کے لیے پرائمری اسکول بند کرنے کا اعلان کیا تھا۔

آپ اور آپ کے پیاروں کی روزمرہ زندگی کو متاثر کرسکنے والے واقعات کی اپ ڈیٹس کے لیے واٹس ایپ پر وی نیوز کا ’آفیشل گروپ‘ یا ’آفیشل چینل‘ جوائن کریں

icon-facebook icon-twitter icon-whatsapp