پنجاب حکومت کا لائیو اسٹاک کارڈ: مویشی پالنے والے کیا فائدہ اٹھاسکتے ہیں؟

جمعرات 7 نومبر 2024
icon-facebook icon-twitter icon-whatsapp

پاکستان ایک زرعی ملک ہے اور آبادی کے تناسب سے سب سے بڑا صوبہ پنجاب زراعت اور لائیو اسٹاک کے حوالے سے اپنی منفرد پہچان رکھتا ہے، پنجاب کے مختلف دیہاتوں میں اب بھی لوگوں کا گزر بسر زراعت اور لائیو اسٹاک پر ہی ہے۔

مویشی پالنے والے اپنی زمین پر کھیتی باڑی سمیت جانوروں کو پالتے تھے اور پھر جانور یا ان کا دودھ فروخت کرکے اپنا معاشی بندوبست کرتے ہیں، چند سال قبل تک تو مویشی پالنے والوں کو فصل کی کاشت یا دیگر امور کے لیے پیسوں کی کچھ زیادہ ضرورت نہیں ہوتی تھی تاہم اب مہنگائی کے باعث صورتحال تبدیل ہوچکی ہے۔

یہ بھی پڑھیں:پاکستان کی تاریخ کے پہلے ’لائیو اسٹاک کارڈ‘ اور ’فارمر رہنمائی ایپ‘ کا اجرا

مویشیوں کو پالنے کے لیے پہلے خرچ کرنا ہوتا ہے پھر ان مویشیوں کو فروخت کر کے اپنے معاشی حالات کو بہتر کیا جاتا ہے، اخراجات کے لیے پیشگی رقم نہ ہونے کے باعث بہت سے دیہاتوں میں لوگوں نے مویشی پالنا چھوڑ دیے ہیں، تاہم اب حکومتِ پنجاب نے اس ضمن میں ایک قرض اسکیم کا آغاز کیا ہے۔

اس قرض اسکیم کے تحت مویشی پالنے والوں کو بلا سود 27 ہزار روپے فی جانور قرض دیا جائے گا، اس منصوبے پر عملدرآمد کے لیے پنجاب بھر میں لائیو اسٹاک کارڈ کا اجرا کیا جائے گا، جس سے 80 ہزار مویشی پالنے والے مستفید ہو سکیں گے، صوبائی حکومت نے اس اسکیم کے لیے 11 ارب روپے مختص کیے ہیں۔

مزید پڑھیں:پنجاب میں اب جانوروں کی رنگ اور نسل کی بنیاد پر رجسٹریشن ہوگی؟

پنجاب بھر میں لائیواسٹاک کارڈ کی رجسٹریشن کا عمل شروع ہوگیا ہے اور 15 دسمبر سے یہ کارڈ فنکشنل ہو جائے گا، اس کارڈ کے ذریعے مویشی پالنے والے رجسٹرڈ ڈیلر سے ونڈا، منرل مکسچر اور سائلج خرید سکیں گے۔

ایک مویشی پال کو 27 ہزار روپے فی جانور قرض دیا جائے گا اور زیادہ سے زیادہ 10 جانوروں کے لیے  2 لاکھ 70 ہزار روپے تک بلا سود قرض دیا جائے گا، جبکہ یہ قرض 4 ماہ میں قسطوں کے ذریعے دیا جائے گا اور 4 ماہ بعد اس قرض کو واپس کرنا ہو گی۔

مزید پڑھیں:دِھی رانی پروگرام کیا ہے، درخواست کے لیے کن شرائط کو پورا کرنا ضروری ہوگا؟

لائیو اسٹاک کارڈ کی رجسٹریشن قریبی ویٹرنری اسپتال سے کرائی جا سکتی ہے جبکہ رجسٹریشن کے لیے پی ایل سی اور شناختی کارڈ نمبر 8070 پر میسج بھیجا جاسکتا ہے، مویشی پال کی آسانی کے لیے ہیلپ لائن 0800-09211 بھی فعال کر دی گئی ہے۔

آپ اور آپ کے پیاروں کی روزمرہ زندگی کو متاثر کرسکنے والے واقعات کی اپ ڈیٹس کے لیے واٹس ایپ پر وی نیوز کا ’آفیشل گروپ‘ یا ’آفیشل چینل‘ جوائن کریں

icon-facebook icon-twitter icon-whatsapp