کراچی: چینی شہریوں پر فائرنگ کے واقعہ میں کالعدم تنظیم کے ملوث ہونے کا انکشاف

پیر 11 نومبر 2024
icon-facebook icon-twitter icon-whatsapp

کراچی کے صنعتی علاقے سائٹ اے ایریا میں لگ بھگ ایک ہفتہ قبل فائرنگ کے واقعہ میں ملوث دہشت گردوں کو گرفتار کرلیا گیا ہے، اس واقعہ میں 2 چینی شہری شدید زخمی ہوگئے تھے۔

سائٹ اے ایریا میں چند روز قبل ہونے والی جھگڑے سے متعلق کیس میں اہم پیش رفت سامنے آئی ہے، ذرائع کے مطابق سائٹ اے ایریا میں غیر ملکیوں کے حملے میں کالعدم تنظیم کے ملوث ہونے کا انکشاف ہوا ہے۔

یہ بھی پڑھیں: کراچی کے صنعتی علاقہ سائٹ میں فائرنگ، 2 چینی باشندے زخمی

ذرائع کے مطابق سیکیورٹی اداروں نے واقعے میں ملوث دہشت گردوں کو گرفتار کرلیا ہے، جن میں ایک مبینہ خود کش حملہ آور بھی شامل ہے، گرفتار دہشت گردوں کے قبضے سے خود کش جیکٹ اور بارودی مواد بھی برآمد ہوا ہے۔

ابتدائی پولیس معلومات کے مطابق واقعہ سیکیورٹی سپروائزر کی غفلت اور لاپرواہی تھی، 8 بج کر 4 منٹ پر واقعہ ہوا اور پولیس کو 36 منٹ کی تاخیر سے اطلاع دی گئی، غیر ملکیوں کی سیکیورٹی سے متعلق ایس او پیز کی خلاف ورزی کی گئی تھی۔

مزید پڑھیں: پاکستان میں چینی باشندوں پر کون کون سے بڑے حملے ہو چکے ہیں؟

پولیس رپورٹ کے مطابق جھگڑے کے دوران فائرنگ کا واقعہ پیش آیا، واقعہ کے مقام پر سی سی ٹی وی کیمرے نصب نہیں تھے، جس کے باعث گرفتاریوں میں تاخیر ہوئی۔

پولیس ذرائع کے مطابق اس کے علاوہ کراچی ایئر پورٹ کے قریب چینی انجینیئرز کی گاڑی پر ہونیوالے خود کش حملے کے سہولت کاروں کو بھی گرفتار کرلیا گیا ہے، سیکیورٹی اداروں کو گرفتار دہشت گردوں سے اہم اور حساس نوعیت کے معلومات ملی ہیں۔

آپ اور آپ کے پیاروں کی روزمرہ زندگی کو متاثر کرسکنے والے واقعات کی اپ ڈیٹس کے لیے واٹس ایپ پر وی نیوز کا ’آفیشل گروپ‘ یا ’آفیشل چینل‘ جوائن کریں

icon-facebook icon-twitter icon-whatsapp