چینی وزارت خارجہ کے ترجمان لین جیان نے کہا کہ انسداد دہشتگردی میں پاکستان کی مدد جاری رکھیں گے، چین اور پاکستان دہشتگردی کے مقابلے کے لیے پرعزم ہیں۔
ترجمان چینی وزارت خارجہ نے اپنے ایک بیان میں کہا کہ پاک چین تعلقات خراب کرنے کی تمام کوشش ناکام بنادیں گے، دہشتگرد اپنے کیے کی قیمت چکائیں گے، چین اور پاکستان اسٹریٹجک شراکت دار ہیں۔
مزید پڑھیں: کراچی: چینی شہریوں پر فائرنگ کے واقعہ میں کالعدم تنظیم کے ملوث ہونے کا انکشاف
انہوں نے کہا کہ پاک چین دوستی کی بنیاد دل و دماغ میں موجود ہے، باہمی تعاون، اعتماد کو ٹھیس پہنچانے کی کوششیں ناکام ہوں گی، چین پاکستان کی معاشی، سماجی ترقی میں مدد جاری رکھے گا۔ مختلف شعبوں میں تعاون سے عوام کو فائدہ ہوگا۔
ان کا کہنا تھا کہ فریقین چین پاکستان تعلقات کو سبوتاژ کرنے والی تمام سازشوں کو ناکام بنانے اور دہشت گردوں کو کیفر کردار تک پہنچانے کا عزم اور صلاحیت رکھتے ہیں۔
لین جیان نے اس بات پر زور دیا کہ چین اور پاکستان سدا بہار اسٹریٹجک تعاون کے شراکت دار ہیں، چین اور پاکستان کے درمیان باہمی اعتماد اور تعاون کو کمزور کرنے کی کوئی بھی کوشش کامیاب نہیں ہوگی۔
یہ بھی پڑھیں: چینی شہریوں کے یقینی تحفظ کے لیے 22 ایکڑ اراضی گوادر بندرگاہ اور فری زون کی سیکیورٹی کے لیے مختص کر دی گئی
’چین بیرون ملک مقیم شہریوں کی سرگرمیوں اور اداروں کی سلامتی کی ثابت قدمی کے ساتھ حفاظت کرے گا‘۔
ترجمان کا کہنا تھا کہ چین پاکستان کی معاشی اور سماجی ترقی اور لوگوں کے ذریعہ معاش کو بہتر بنانے کی حمایت جاری رکھے گا اور دونوں ممالک کے درمیان تمام شعبوں میں تعاون مضبوطی سے آگے بڑھائے گا تاکہ دونوں ممالک کے عوام کو فوائد پہنچائے جائیں۔