پاکستان تحریک انصاف کے سینیئر رہنما شیر افضل مروت نے کہا ہے کہ بانی پی ٹی آئی عمران خان پر عدت کیس ڈیجیٹل ایڈونچررز کے اس ایڈونچر کا نتیجہ ہے جنہوں نے باہر بیٹھ کر جرنیلوں کی کردار کشی کی اور اسکینڈل نکالا تھا۔ یہ اسی کا خمیازہ تھا جو ہمیں بھگتنا پڑا، ہم نے کبھی ان کو اختیار نہیں دیا کہ پی ٹی آئی کے نام پہ اداروں کو گالیاں دیں۔
ایک انٹرویو میں شیر افضل مروت کا کہنا تھا کہ میں کبھی کبھار سوچتا ہوں کہ پی ڈی ایم اور ان کے سہولت کاروں نے تمام مقاصد حاصل کر لیے لیکن انہوں نے جو ظلم ہمارے ساتھ کیا وہ حد درجہ زیادہ ہے۔ یہ کیوں کیا گیا؟ یہ سزا ہمیں ڈیجیٹل میڈیا پر بیٹھے لوگوں کی زیادتیوں کی وجہ سے ملی ہے۔
مزید پڑھیں:جنرل باجوہ اور جنرل فیض حمید نے خیبرپختونخوا میں دہشتگردوں کو واپس لا کر بسایا، شیر افضل مروت
ان کا کہنا تھا کہ ملک دشمنی اور پی ٹی آئی کو نقصان پہنچانے والے پی ٹی آئی میں ہی موجود ہیں۔ وہ لوگ ننگِ ملت اور ننگِ قوم ہیں، وہ بھگوڑے ہیں۔ ان کا پیغام پھیلانا ملک دشمنی ہی نہیں پارٹی سے بھی دشمنی ہے۔ راجا اور مہدی نامی وی لاگرز ڈسمس شدہ فوجی ہیں، انہوں نے پارٹی کو بہت نقصان پہنچایا۔
شیر افضل مروت کا کہنا تھا کہ وہ بانی پی ٹی آئی کی تصویر دکھا کر پیسے بناتے ہیں۔ پارٹی ورکرز ان بد بختوں کو پہچان لیں۔ انہوں نے 9 مئی کو بھی لوگوں کو ورغلایا کہ فوج کے دستے پی ٹی آئی کی حمایت میں نکل آئے ہیں۔ یہی نہیں پارٹی رہنما بھی ان کی سہولتکاری کرتے ہیں، بانی پی ٹی آئی سے ملاقات ہوتی ہے اور خبر ان تک پہنچ جاتی ہے۔
مزید پڑھیں:بعض پی ٹی آئی رہنما چاہتے ہیں عمران خان جیل سے رہا نہ ہوں، شیر افضل مروت
ان کا کہنا تھا کہ بے شک ہمارے گریبانوں پر ہاتھ ڈلتے ہیں لیکن ہم کسی کو گالیاں نہیں دیتے۔ ہم اداروں کو گالیا ں نہیں دیتے اور جولوگ گالیاں دیتے ہیں ان کا غصّہ پارٹی، ورکرز اور ہم پر اترتا ہے۔