’نواز شریف اگر مودی کو کال کریں تو بھارتی ٹیم پاکستان آسکتی ہے‘

منگل 12 نومبر 2024
icon-facebook icon-twitter icon-whatsapp

کھیلوں میں سیاست کو لانا بھارت کا وتیرہ ہے، اس بار بھی چیمپیئنز ٹرافی کے لیے بھارت نے اپنی ٹیم کو پاکستان بھیجنے سے انکار کرتے ہوئے سیاست شروع کردی ہے۔ تاہم، بھارتی صحافی نے اس کا حل بتاتے ہوئے کہا کہ اگر نواز شریف، نریندر مودی کو کال کریں تو معاملہ حل ہوسکتا ہے۔

آئی سی سی چیمپیئنز ٹرافی اگلے سال فروری اور مارچ میں پاکستان میں شیڈول ہے لیکن بھارت نے اپنی روایتی ہٹ دھرمی شروع کردی ہے، اور کھیل میں سیاست کو لاکھڑا کیا ہے۔ تاہم، بھارت کہتا ہے کہ ہائبرڈ ماڈل کے تحت وہ اپنے میچز متحدہ عرب امارات میں کھیلنے کا خواہاں ہے۔

مزید پڑھیں: بھارتی ٹیم چیمپیئنز ٹرافی کھیلنے پاکستان کیوں نہیں آرہی؟ سوریا کمار نے دل کی بات کہہ دی

دوسری جانب پی سی بی بھی اپنے موقف پر ڈٹا ہوا ہے، بھارت کی جانب سے دیے گئے ہائبرڈ ماڈل کو یکسر مسترد کرتے ہوئے پورا ایونٹ پاکستان میں کرانے کے موقف پر قائم ہے۔ اس دوران ایک بھارتی صحافی نے ٹیم انڈیا کا پاکستان آنا اور چیمپیئنز ٹرافی کھیلنا ممکن بنانے کی ایک تجویز پیش کی ہے۔

کرکٹ کے ایک نامور بھارتی صحافی ایل پی کے ساہی نے کہا کہ بھارتی وزیراعظم نریندر مودی کرکٹ کے سمیت کھیلوں کے دیوانے ہیں اسی طرح سابق پاکستانی وزیر اعظم نواز شریف بھی کھیلوں کو بہت پسند کرتے ہیں اور دونوں رہنماؤں کے درمیان دوستانہ بھی ہے۔

’اگر سابق وزیراعظم نواز شریف نریندر مودی کو ایک ٹیلی فون کال کرلیں تو یہ فون کال بھارتی کرکٹ ٹیم کے 16سال بعد پاکستان آنے کا راستہ کھول سکتی ہے۔ یہی آخری اور بہترین آپشن بھی ہے‘۔

یہ بھی پڑھیں: ’بھارت چیمپیئنز ٹرافی کھیلنے کے لیے نہ آیا تو پاکستان آئندہ ان کے ساتھ کوئی میچ نہیں کھیلے گا‘

واضح رہے دونوں ملکوں کے درمیان تعلقات کی تاریخ میں کرکٹ کا ایک بہت اہم کردار ہے، کرکٹ ڈپلومیسی کے ذریعے دونوں ممالک کے درمیان تعلقات کئی بار بہتر ہوچکے ہیں، یہاں تک کہ کئی بار سابق وزرا ایک دوسرے کے ملکوں میں میچ دیکھنے بھی پہنچ چکے ہیں۔

آپ اور آپ کے پیاروں کی روزمرہ زندگی کو متاثر کرسکنے والے واقعات کی اپ ڈیٹس کے لیے واٹس ایپ پر وی نیوز کا ’آفیشل گروپ‘ یا ’آفیشل چینل‘ جوائن کریں

icon-facebook icon-twitter icon-whatsapp