بلوچستان حکومت نے ناقص کارکردگی اور فرائض سے غفلت برتنے پر ڈپٹی کمشنر ہرنائی اور ڈپٹی کمشنر زیارت کو معطل کردیا ہے۔
چیف سیکریٹری بلوچستان شکیل قادر خان نے فرائض میں غفلت برتنے پر ڈپٹی کمشنر ہرنائی محمد عارف کاکڑ اور ڈپٹی کمشنر زیارت لیاقت علی کو بیڈا ایکٹ کے تحت معطل کیا۔ دونوں افسران کی معطلی کا نوٹیفکیشن بھی جاری کردیا گیا ہے۔
بلوچستان حکومت کی جانب سے جاری کردہ اعلامیے میں ضلع ہرنائی کی حالیہ کشیدگی کے بعد ڈپٹی کمشنر محمد عارف کاکڑ کو ان کے عہدے سے برطرف کردیا گیا ہے۔
سیکریٹری بلوچستان کی جانب سے جاری کردہ اعلامیے کے مطابق یہ فیصلہ علاقے میں بڑھتے ہوئے سیکیورٹی مسائل اور امن و امان کی خراب صورتحال کے تناظر میں کیا گیا ہے۔
واضح رہے کہ گزشتہ کئی روز سے ہرنائی اور ملحقہ علاقوں میں مسلح افراد کی کارروائیاں جاری ہیں، ان واقعات میں ناکہ بندی کے دوران 2 افراد کو قتل کیا گیا، جبکہ پاکستانی فوج کی بکتر بند گاڑی کو بم دھماکے میں نشانہ بنایا گیا تھا۔
مزید پڑھیں:بلوچستان کے ضلع ہرنائی میں دھماکا، ایک شخص جاں بحق 14 زخمی
اس سے قبل ہرنائی میں نامعلوم افراد نے کوئلے سے لدے ٹرکوں کو نذرِ آتش کر دیا تھا اس دوران جائے وقوعہ پر آنے والی سپریٹنڈنٹ پولیس کی گاڑی کو بھی حملے کا نشانہ بنایا گیا، جس میں ایک پولیس اہلکار ہلاک ہوگیا تھا۔
کوئلہ ٹرکوں کو جلائے جانے کے خلاف ٹرک مالکان گزشتہ 4 دن سے احتجاج کررہے ہیں، جس کے باعث پنجاب کو کوئلے کی سپلائی معطل ہے۔ مظاہرین نے حکومت سے ان کی حفاظت کو یقینی بنانے کا مطالبہ کیا ہے۔