بھارت: مہارانی لکشمی بائی میڈیکل کالج کے وارڈ میں آگ لگنے سے 10 شیر خوار بچے ہلاک، 16 زخمی

ہفتہ 16 نومبر 2024
icon-facebook icon-twitter icon-whatsapp

بھارتی ریاست اترپردیش کے مہارانی لکشمی بائی میڈیکل کالج کے نوزائیدہ انتہائی نگہداشت یونٹ میں آگ لگنے سے 10 شیر خوار بچے ہلاک جبکہ 16 زخمی ہو گئے۔

مزید پڑھیں:نوزائیدہ جڑواں بچے پیدائشی سرٹیفکیٹ بننے سے قبل ہی شہید، غزہ جنگ کا دل دہلا دینے والا واقعہ

ٹائمز آف انڈیا کے مطابق اسپتال حکام نے بتایا کہ بھارتی ریاست اترپردیش کے ضلع جھانسی میں واقع مہارانی لکشمی بائی میڈیکل کالج کے نوزائیدہ انتہائی نگہداشت یونٹ میں شارٹ سرکٹ کے باعث آگ بھڑک اٹھی جس سے 10 بچے ہلاک ہو گئے۔ یونٹ میں اس وقت 54 بچے داخل تھے جن میں سے 35 کو ریسکیو کر لیا گیا جبکہ 16 کی حالت تشویشناک ہے۔

وزیر اعلیٰ یوگی آدتیہ ناتھ نے ایکس پوسٹ پر لکھا ہے کہ جھانسی ضلع کے میڈیکل کالج کے این آئی سی یو میں پیش آنے والے حادثے میں بچوں کی موت انتہائی افسوسناک اور دل دہلا دینے والی ہے۔ ضلع انتظامیہ اور متعلقہ حکام کو  جنگی بنیاد پر راحت اور بچاؤ کام کرنے کی ہدایات دی گئی ہیں۔

وزیراعلیٰ کی ہدایت پر نائب وزیر اعلیٰ برجیش پاٹھک اور پرنسپل ہیلتھ سکریٹری جھانسی کے لیے روانہ ہو گئے ہیں۔ کمشنر اور ڈی آئی جی کو ہدایت کی گئی ہے کہ وہ حادثے کی تحقیقات کریں اور 12 گھنٹے میں وزیراعلیٰ کو رپورٹ پیش کریں۔ واقعہ کی اطلاع ملتے ہی فائر بریگیڈ کی ایک درجن سے زائد گاڑیوں نے موقع پر پہنچ کر آگ پر قابو پایا۔

آپ اور آپ کے پیاروں کی روزمرہ زندگی کو متاثر کرسکنے والے واقعات کی اپ ڈیٹس کے لیے واٹس ایپ پر وی نیوز کا ’آفیشل گروپ‘ یا ’آفیشل چینل‘ جوائن کریں

icon-facebook icon-twitter icon-whatsapp