خیبر پختونخوا کے ضلع سوات میں میاں بیوی کے درمیان گھریلو ناچاقی پر ہونے والے جرگے میں فائرنگ سے 2 افراد جاں بحق جبکہ خاتون زخمی ہو گئی۔
یہ بھی پڑھیں:سوات: شوہر نے کمسن بیٹے کے سامنے بیوی کو سرِِ راہ قتل کردیا
اتوار کو سوات پولیس نے بتایا کہ واقعہ سوات کے علاقے سلام پور میں پیش آیا ہے، ابھی تک کی تحقیقات میں بتایا گیا ہے کہ یہ واقعہ گھریلو ناچاقی کا نتیجہ ہے۔
پولیس نے بتایا کہ سوات کے علاقے مٹہ کی رہائشی خاتون کی سلام پور میں شادی ہوئی تھی اور کچھ عرصے سے وہ واپس میکے میں رہائش پذیر تھیں اور شادی سے نا خوش تھیں۔
مزید پڑھیں:سوات: ناراض بیوی کو منانے میں ناکامی پر شوہر کا سسرال پر دھاوا، 4 افراد قتل
میاں بیوی اور دونوں خاندانوں کے درمیان صلح کے لیے جرگہ بلایا گیا، جس کے لیے خاتون کو مٹہ سے اپنے خاندان کے ساتھ سلام پور جرگے میں لایا گیا۔
پولیس نے مزید بتایا کہ جرگے میں بحث کے دوران بات بگڑ گئی اور ملزم جس کے بارے میں بتایا جا رہا ہے کہ وہ سوات پولیس میں بطور کانسٹیبل ملازم ہے، فائرنگ کر کے موقع سے فرار ہو گیا۔
پولیس کا کہنا ہے کہ فائرنگ سے 2 افراد جن کا تعلق خاتون کے خاندان سے ہے، موقع پر ہی زندگی کی بازی ہار گئے جبکہ خاتون شدید زخمی ہو گئیں۔ ریسکیو ٹیم نے زخمی خاتون اور لاشوں کو اسپتال منتقل کر دیا۔
یہ بھی پڑھیں:نوشہرہ میں پشتو گلوکارہ قتل: خیبر پختونخوا میں اداکارائیں اور گلوکارائیں نشانے پر کیوں؟
پولیس نے بتایا کہ شواہد اکٹھا کرنے کے بعد ملزم کی تلاش شروع کردی گئی ہے تاہم ابھی تک گرفتاری عمل میں نہیں آئی ہے۔