قومی وائٹ بال کرکٹ ٹیم کے کپتان محمد رضوان نے آسٹریلیا کے خلاف تیسرے ٹی20 میچ میں حصہ نہ لینے کی وجہ بتادی۔
آسٹریلیا کے شہر ہوبارٹ میں پریس کانفرنس کرتے ہوئے انہوں نے کہاکہ ہمارے پاس ٹی20 میں چیزوں کو بہتر کرنے کے لیے وقت ہے، سب کو معلوم ہے کہ آسٹریلیا میں آج تک پاکستان جیتا ہی نہیں۔
یہ بھی پڑھیں تیسرا ٹی20: آسٹریلیا نے پاکستان کو ٹی20 سیریز میں وائٹ واش کردیا
انہوں نے کہاکہ آسٹریلیا کے خلاف ایک روزہ سیریز میں چیزوں کی سمجھ آرہی تھی کہ ہمیں کس سمت جانا ہے، معاملات کی بہتری کے لیے پُرامید ہوں۔
محمد رضوان نے کہاکہ ہمارے کچھ بیٹرز کو مسائل کا سامنا ہے، لیکن عثمان خان، حسیب اللہ اور جہانداد خان اچھا کھیلے ہیں۔
انہوں نے کہاکہ ایک روزہ سیریز میں ہمارے اوپنرز اور بولرز نے اچھی کارکردگی کا مظاہرہ کیا، حارث رؤف کی تعریف آسٹریلیا کے لوگوں کی جانب سے بھی کی جارہی ہے۔
قومی کپتان نے کہاکہ اس وقت ہمارے پاس مڈل آرڈرز میں تجربہ کار بیٹرز کی کمی ہے، اس سے قبل فخر زمان، افتخار احمد، شاداب خان اور عماد وسیم ٹیم میں ہوتے تھے۔
آسٹریلیا کے خلاف تیسرا ٹی20 میچ نہ کھیلنے سے متعلق سوال کے جواب میں انہوں نے کہاکہ ہم فیوچر اسٹارز کو آزما رہے ہیں، اس لیے قربانی کا آغاز خود سے کیا ہے۔
یہ بھی پڑھیں ٹی20 کرکٹ: آسٹریلیا سے وائٹ واش کے باوجود بابر اعظم نے کوہلی کو پیچھے چھوڑ کر اہم ریکارڈ اپنے نام کرلیا
واضح رہے کہ آسٹریلیا کے خلاف تیسرے ٹی20 میں قومی ٹیم کی قیادت سلمان علی آغا نے کی، قومی ٹیم کو ٹی20 سیریز میں وائٹ واش کا سامنا کرنا پڑا۔