پاکستان تحریک انصاف (پی ٹی آئی) کے سیکریٹری اطلاعات شیخ وقاص اکرم نے کہا ہے کہ احتجاج سے قبل ہی حکمرانوں کی ٹانگیں کانپنا شروع ہوگئی ہیں، 24 نومبر کو عوام کا سمندر اسلام آباد پہنچے گا۔
پشاور میں میڈیا سے گفتگو کرتے ہوئے انہں نے کہاکہ احتجاج سے نمٹنے کے لیے حکومت کی تیاریاں بتا رہی ہیں کہ یہ گھبرائے ہوئے ہیں۔ ایک طرف رانا ثنااللہ کہہ رہے ہیں کہ ہم پی ٹی آئی کے احتجاج کو سنجیدہ نہیں لے رہے، دوسری جانب اسلام آباد میں دفعہ 144 نافذ کردی گئی۔
یہ بھی پڑھیں چوری شدہ مینڈیٹ واپس کیا جائے، عمران خان نے جمعرات تک کی ڈیڈلائن دیدی
انہوں نے کہاکہ وزارت داخلہ کی جانب سے جاری ہدایات میں کہا گیا ہے کہ احتجاج میں شامل ہونے والے طلبا کا داخلہ منسوخ کرنے پر غور کیا جارہا ہے، ریاست اور حکومت کا کام دھمکانا نہیں ہوتا۔
انہوں نے کہاکہ حکومت احتجاج کے علاوہ اگر دیگر معاملات پر توجہ دیتی تو بہتر ہوتا، حکومت کچھ بھی کرلے ہم پیچھے نہیں ہٹیں گے۔
شیخ وقاص اکرم نے کہاکہ پاکستان میں 700 کے قریب لوگوں کے پاسپورٹ بلاک کیے جاچکے ہیں، موجودہ صورتحال میں چیف جسٹس اور سول سوسائٹی کو نوٹس لینا چاہیے۔
یہ بھی پڑھیں احتجاج کا کوئی فائدہ نہیں، پی ٹی آئی قیادت عمران خان کی مقبولیت سے فائدہ اٹھا رہی ہے، فیصل واوڈا
انہوں نے مزید کہاکہ ملک کے ہر ضلع سے لوگ 24 نومبر کے احتجاج میں شامل ہوں گے۔