صدر مملکت آصف علی زرداری اور وزیراعظم شہباز شریف نے بنوں میں سیکیورٹی فورسز کے 12 جوانوں کی شہادت کے واقعہ پر افسوس کا اظہار کیا ہے۔
اپنے تعزیتی پیغام میں صدر مملکت آصف زرداری نے دفاع وطن میں جان کا نذرانہ پیش کرنے پر پاک فوج کے جوانوں کو خراج عقیدت پیش کیا اور کہا کہ مادر وطن کے لیے جام شہادت نوش کرنے والوں کو قوم سلام پیش کرتی ہے۔
یہ بھی پڑھیں: شمالی وزیرستان: سیکیورٹی فورسز نے فتنہ الخوارج کے 8 دہشتگرد ہلاک کردیے
صدر آصف زرداری نے دہشتگردی کی لعنت کے مکمل خاتمے کے عزم کا اظہار کیا اور دہشتگردی کے واقعہ میں شہادت پانے والے جوانوں کے لیے بلندی درجات کی دعا کی۔ انہوں نے شہدا کے لواحقین کے ساتھ تعزیت کا اظہار کیا اور ان کے لیے صبر جمیل کی دعا کی۔
اپنے پیغام میں وزیراعظم شہباز شریف نے 12 سیکیورٹی جوانوں کی شہادت پر رنج و دکھ کا اظہار کرتے ہوئے کہا کہ سیکیورٹی فورسز نے 6 جوانوں کو جہنم واصل کیا اور اپنی جانوں کا نذرانہ پیش کیا۔
یہ بھی پڑھیں: فتنہ الخوراج اور پی ٹی ایم کا گٹھ جوڑ کھل کر سامنے آگیا، دفاعی ماہرین
وزیراعظم شہباز شریف نے کہا کہ قوم کے بیٹوں کی قربانیاں ہرگز رائیگاں نہیں جانے دیں گے، عوام کا جان و مال خطرے میں ڈالنے والے فتنہ الخوارج کو بہت سخت قیمت ادا کرنا پڑے گی۔
واضح رہے کہ بنوں کے علاقے مالی خیل میں آج خوارجیوں کے سیکیورٹی فورسز کی چیک پوسٹ پر خودکش حملے کے نتیجے میں 12 اہلکار شہید ہوگئے تھے۔ فائرنگ کے تبادلے میں 6 خوارجی ہلاک بھی ہوئے۔ سیکیورٹی فورسز نے خوارجیوں کی پوسٹ میں داخل ہونے کی کوشش ناکام بنادی تھی۔