قومی ٹیم کے عبوری وائٹ بال کوچ عاقب جاوید نے بلے بازوں کو کیا اہم پیغام دیا؟

بدھ 20 نومبر 2024
icon-facebook icon-twitter icon-whatsapp

قومی ٹیم کے عبوری وائٹ بال کوچ عاقب جاوید نے کہا کہ کوچنگ کوئی نئی چیز نہیں ہے 22سال سے اس شعبے سے منسلک ہوں، سلیکشن کمیٹی میں پہلی ذمہ داری ملی ہے، ہمارا مقصد نئے کھلاڑیوں کو موقع دینا ہے۔

سابق کرکٹر و قومی ٹیم کے عبوری وائٹ بال کوچ عاقب جاوید نے  میڈیا سے گفتگو کرتے ہوئے کہا کہ فخر زمان میچ وننگ پلیئر ہے، فخر کے فٹنس مسائل حل ہونے کے بعد سلیکشن کمیٹی ان کا معاملہ دیکھے گی۔ اس حوالے سے کوچ،کپتان اور سلیکشن کمیٹی مل کر فیصلہ کریں گے۔

عاقب جاوید نے کہا کہ ابھی تک جتنے میچز میں کھلاڑیوں کی سیلیکشن کی اس کے مثبت نتائج آئے۔ پاکستان کرکٹ بورڈ (پی سی بی) نے اضافی ذمہ داری دی ہے، اس کو بھرپور طریقے سے انجام دینے کی کوشش کروں گا۔ ٹیم سلیکشن کے حوالے سے نہ صرف میں بلکہ پوری سلیکشن کمیٹی فیصلہ کرے گی۔

مزید پڑھیں: عاقب جاوید کو قومی کرکٹ ٹیم کا ہیڈ کوچ مقرر کیا جائے گا، چیئرمین پی سی بی کی تصدیق

انہوں نے کہا کہ 22سال بعد آسٹریلیا میں سیریز جیتے ہیں جو بڑی بات ہے، آسٹریلیا کے خلاف اگر کوئی پہلے کہتا کہ ہم ون ڈے سیریز جیتیں گے تو کوئی نہیں مانتا۔ ہمارا فوکس اس وقت ون ڈے اور چیمپئنز ٹرافی پر ہے، زمبابوے کے لیے جو ٹیم سلیکشن کی ہے اور نئے لڑکوں کو میسج دیا ہے کہ ان کو ٹیم میں موقع ملے گا۔

’تنقید ہوتی رہے گی اور ہونی بھی چاہیے، ٹیم کے پرفارمنس پر تعریف اور تنقید ہوگی‘۔

ان کا کہنا تھا کہ صائم ایوب میں بہتری آرہی ہے، اس کو کافی کرکٹ کھیلنے کا موقع مل رہا ہے، اسٹرائیک ریٹ کا اندازہ تب لگایا جاسکتا ہے جب کنڈیشن ٹھیک ہو۔ مشکل کنڈیشن میں اسٹرائیک ریٹ زیادہ اہمیت نہیں رکھتا۔

’جب ہدف 180 سے 200 ہو تو بلے بازوں کو اس کے مطابق کھیلنا ہوگا، یہ تمام بلےبازوں کو میسج ہے‘۔

یہ بھی پڑھیں: پاکستان کرکٹ بورڈ سابق ٹیسٹ کرکٹر عاقب جاوید کو کون سی ذمہ داری سونپ رہا ہے؟

ان کا کہنا تھا کہ بابر اعظم پرفارم کررہے ہیں اور ان کی پرفارمنس سب کو نظر آرہی ہے، جب آپ کوچ بنتے ہیں تو کسی انفرادی کھلاڑی پر فوکس نہیں ہوتا، صرف پاکستان کرکٹ کو بہتری کی طرف لے کر جانا ہے۔

عاقب جاوید نے مزید کہا کہ بابر اعظم اور محمد رضوان جیسے کھلاڑیوں نے ماضی میں پاکستان کے لیے پرفارم کیا ہے، بابر اعظم اور محمد رضوان کی پرفارمنس کو فراموش نہیں کیا جاسکتا۔

آپ اور آپ کے پیاروں کی روزمرہ زندگی کو متاثر کرسکنے والے واقعات کی اپ ڈیٹس کے لیے واٹس ایپ پر وی نیوز کا ’آفیشل گروپ‘ یا ’آفیشل چینل‘ جوائن کریں

icon-facebook icon-twitter icon-whatsapp