پاکستان تحریک انصاف (پی ٹی آئی) کے سیکریٹری اطلاعات شیخ وقاص اکرم نے کہا ہے کہ 24 نومبر احتجاج کی کال فائنل ہے، احتجاج سے متعلق جو تاثر دیا جارہا ہے اس کو رد کرتا ہوں، کوئی مذاکرات احتجاج کو متاثر نہیں کریں گے، اس لیے ہر شخص اسلام آباد پہنچے۔
پشاور میں گفتگو کرتے ہوئے انہوں نے کہاکہ توشہ خانہ ٹو کیس میں عمران خان کو ضمانت ملنا خوش آئند ہے، ایک ایک کیس شواہد نہ ہونے کی بنیاد پر ختم ہورہا ہے۔
یہ بھی پڑھیں توشہ خانہ 2 کیس میں ضمانت منظور، عمران خان کی رہائی کا حکم
انہوں نے کہاکہ ہمیں توقع ہے عمران خان کو عدالتوں سے انصاف ملے گا، حکومت کو اس میں رخنہ نہیں ڈالنا چاہیے۔
سیکریٹری اطلاعات پی ٹی آئی نے کہاکہ ابھی کچھ کیسز میں عمران خان کی گرفتاری ہے، وہ رہا ہونے کے بعد تمام فیصلے خود کریں گے۔
شیخ وقاص اکرم نے کہاکہ اس وقت ہمارے لوگوں کو اشتعال دلایا جارہا ہے، تاہم پی ٹی آئی سیاسی جدوجہد پر یقین رکھتی ہے، ہم پرامن طریقے سے اسلام آباد آئیں گے۔
انہوں نے کہاکہ لوگوں کو زدوکوب کرنا اور ڈرانا ایک روایت بن گئی ہے، یہ جنگ پورے پاکستان کی ہے، اس لیے ہر شہری نکلے۔
شیخ وقاص اکرم نے کہاکہ توقع ہے کہ ہمارے مارچ میں ہر شعبہ زندگی سے تعلق رکھنے والے افراد شریک ہوں گے، ملک بھر کے لوگوں کو اس کو اپنا ہدف سمجھنا چاہیے۔
یہ بھی پڑھیں مذاکرات عمران خان کی رہائی سے شروع ہوں گے اور آگے بڑھیں گے، علی امین گنڈاپور نے بڑی شرط رکھ دی
انہوں نے کہاکہ عوام اس جعلی نظام کو بتادیں کہ عوام کو ڈرایا نہیں جا سکتا، جلد ہی جعلی نظام کا خاتمہ ہوجائے گا۔