پی ایس ایل کے متنازعہ نشریاتی حقوق کے معاملہ پر پبلک اکاؤنٹس کمیٹی برہم

بدھ 12 اپریل 2023
icon-facebook icon-twitter icon-whatsapp

پبلک اکاؤنٹس کمیٹی نے پاکستان سپر لیگ کے حقوق غیر قانونی طور پر  اےآر وائے چینل کو ایوارڈ کرنے میں ملوث تمام افراد کے خلاف کارروائی کی ہدایت کردی ہے۔ کمیٹی نے پی ٹی وی کے سابق ڈائریکٹر اسپورٹس کی تنخواہ سمیت تمام مراعات بند کرنے کا بھی حکم دیا ہے۔

وفاقی سیکریٹری اطلاعات سہیل علی خان کی جانب سے پبلک اکاؤنٹس کمیٹی کو پی ایس ایل کے حقوق  اےآر وائے چینل کو دینے اور اس معاملہ کے مختلف عدالتوں میں زیر سماعت ہونے پر بریفنگ دی گئی۔

سیکریٹری اطلاعات سہیل علی خان نے بتایا کہ پی ایس ایل کے نشریاتی حقوق ایک کنسورشیم کو ملے جس میں اےآر وائی اور پی ٹی وی شامل تھے۔ پی ٹی وی نے انکوائری کے بعد کیس ایف آئی اے کو بھیج دیا تھا جب کہ ڈائریکٹر اسپورٹس ڈاکٹر نعمان نیاز پہلے ہی معطل ہوچکے ہیں۔

اس موقع پر چیئرمین کمیٹی نور عالم خان نے برہمی کا اظہار کرتے ہوئے کہا کہ اتنی تاخیر کیوں ہو رہی ہے۔ آپ لوگ کم از کم قومی خزانے کو نقصان پہنچانے والوں کو معطل ہی کر دیتے۔

جس پر سیکریٹری اطلاعات سہیل علی نے بتایا کہ اسوقت سندھ ہائی کورٹ میں 4، لاہور ہائی کورٹ میں 2 اور اسلام آباد ہائی کورٹ میں ایک کیس زیر سماعت ہے۔ عدالتی حکم امتناع کے باعث معزز عدالتوں کے فیصلوں کا انتظار ہے۔

چیئرمین پبلک اکاؤنٹس کمیٹی نور عالم خان کا کہنا تھا کہ سابق دور حکومت میں ایک نجی ٹی وی کے فائدہ کیلئے قواعد کی دھجیاں اڑائی گئیں۔ پی ٹی وی کا موقف ہے کہ نشریاتی حقوق درست طریقے سے نہیں دیےگئے اس معاملے میں جو بھی ملوث ہوگا کارروائی کریں گے۔

رکن کمیٹی شیخ روحیل اصغر کا موقف تھا کہ سابق وزیر اطلاعات اس معاملے میں ملوث ہیں۔ ڈاکٹر نعمان نیاز کو اجلاس میں طلب کرکے اس سارے معاملہ سے ان کا تعلق سمجھیں۔ پھر ساری کہانی سمجھ آجائے گی۔

 

آپ اور آپ کے پیاروں کی روزمرہ زندگی کو متاثر کرسکنے والے واقعات کی اپ ڈیٹس کے لیے واٹس ایپ پر وی نیوز کا ’آفیشل گروپ‘ یا ’آفیشل چینل‘ جوائن کریں

icon-facebook icon-twitter icon-whatsapp