پی ٹی آئی احتجاج، پنجاب پولیس کے 19 ہزار جوان اسلام آباد پہنچ گئے

جمعہ 22 نومبر 2024
icon-facebook icon-twitter icon-whatsapp

پاکستان تحریک انصاف کے 24 نومبر کے اعلان کردہ احتجاج سے نمٹنے اور امن و امان کی صورتحال کو برقرار رکھنے کے لیے آئی جی اسلام آباد نے پنجاب پولیس سے مدد طلب کی تھی۔ اور اب اسلام آباد پولیس کی جانب سے تیاریوں کو حتمی شکل دی جا رہی ہے۔

اسلام آباد پولیس ذرائع کے مطابق گزشتہ رات پنجاب پولیس کے 19 ہزار افسران اور جوان اسلام آباد پہنچ چکے ہیں۔ جس میں 4 ہزار ایلیٹ فورس کے تربیت یافتہ کمانڈوز اور 2 ہزار لیڈی کمانڈوز بھی شامل ہیں۔

مزید پڑھیں: 24 نومبر کو موبائل سروس بند کرنے کی وجہ پی ٹی آئی احتجاج یا کچھ اور؟ وزیر داخلہ نے بتا دیا

اس کے علاوہ پنجاب پولیس کی جانب سے 105 قیدی وینیں بھی اسلام آباد پہنچا دی گئی ہیں۔ پنجاب پولیس کے جوانوں کے لیے جی 13، آئی ایم سی بی سکول میں بھی رہائش کا بندوبست کیا گیا ہے۔ جس کی وجہ سے آج سکول کی جانب سے چھٹی بھی دی گئی ہے۔

اسلام آباد پولیس کی جانب پنجاب سندھ اور کشمیر سے پولیس نفری ، ایف سی اور رینجرز کی بھی اضافی نفری طلب کی گئی تھی۔ ذرائع کا مزید کہنا تھا کہ پی ٹی آئی کے خلاف کریک ڈاؤن کا فیصلہ کیا گیا ہے۔ جس کے تحت گرفتاریوں کے لیے ٹیمیں تشکیل دے دی گئی ہیں۔

مزید پڑھیں: عمران خان 24 نومبر کا احتجاج خود لیڈ کریں گے، علیمہ خان نے ایسا کس بنیاد پر کہا؟

وفاقی پولیس نے 26 نمبر چونگی کے اطراف میں گرینڈ آپریشن کا فیصلہ کیا ہے۔ تاکہ 26 نمبر چونگی کو مکمل طور پر کلین کیا جا سکے۔ آپریشن پی ٹی آئی کارکنان اور غیر قانونی طور پر مقیم افغان باشندوں کے خلاف کیا جائے گا۔ پولیس کی بھاری نفری مستقل بنیادوں پر 26 نمبر چونگی اور اطراف میں تعینات رہے گی۔

آپ اور آپ کے پیاروں کی روزمرہ زندگی کو متاثر کرسکنے والے واقعات کی اپ ڈیٹس کے لیے واٹس ایپ پر وی نیوز کا ’آفیشل گروپ‘ یا ’آفیشل چینل‘ جوائن کریں

icon-facebook icon-twitter icon-whatsapp