سیکیورٹی فورسز نے خیبرپختونخوا میں کارروائی کرتے ہوئے 3خوارج کو ہلاک کردیا۔ سیکیورٹی فورسز نے خفیہ اطلاع پر 2 الگ الگ کارروائیاں کیں، پہلی کارروائی ضلع خیبر اور دوسری جنوبی وزیرستان میں کی گئی۔
پاک فوج کے شعبہ تعلقات عامہ کے مطابق سیکیورٹی فورسز دہشتگردی کے خاتمے کے لیے پرعزم ہیں۔ ضلع خیبر میں سیکیورٹی فورسز نے خفیہ اطلاعات پر آپریشن کے دوران 2خوارجی دہشتگرد ہلاک کیے ہیں۔
مزید پڑھیں: پی ٹی آئی احتجاج: فتنہ الخوارج کا بڑے شہروں میں دہشتگردی کا خطرہ، نیکٹا کی وارننگ
آئی ایس پی آر نے بتایا کہ جنوبی وزیرستان میں پاک افغان بارڈر پر خوارجیوں کی دراندازی کی کوشش ناکام بناتے ہوئے سیکیورٹی فورسز نے مؤثر جوابی کارروائی میں ایک خارجی ہلاک کیا جبکہ 3زخمی ہوئے۔
صدر مملکت کا سیکیورٹی فورسز کو خراج تحسین
صدر مملکت آصف علی زرداری نے خیبرپختونخوا میں خوارج کے خلاف آپریشنز پر سیکیورٹی فورسز کو خراج تحسین پیش کیا۔ صدر مملکت آصف زرداری نے 3خوارجی دہشتگردوں کو ہلاک کرنے پر سیکیورٹی فورسزکی تعریف کی۔
صدر مملکت نے کہا کہ دہشتگردوں کی پاکستان کا امن وامان خراب کرنے اور دراندازی کی کوششیں ناکام بنائیں گے۔ انہوں نے کہا کہ دہشتگردی کے خاتمے تک کارروائیاں جاری رکھنے کےعزم کا اعادہ کرتے ہیں۔
دشمنوں کے مذموم عزائم خاک میں ملاتے رہیں گے، وزیراعظم
وزیراعظم شہباز شریف نے کہا کہ خیبرپختونخوا میں فتنہ الخوارج کے خلاف کامیاب آپریشنز پر سیکیورٹی فورسز کو خراج تحسین پیش کرتے ہیں۔ انسانیت کے دشمنوں کے مذموم عزائم خاک میں ملاتے رہیں گے۔
یہ بھی پڑھیں: پی ٹی آئی احتجاج: محکمہ داخلہ خیبرپختونخوا نے بھی دہشتگرد حملے کا تھریٹ الرٹ جاری کردیا
وزیراعظم نے کہا کہ دہشتگردی کیخلاف جنگ میں قوم سیکیورٹی فورسز کے ساتھ کھڑی ہے، دہشتگردی کے خاتمے تک جنگ جاری رہے گی۔
محسن نقوی کا دہشتگردوں کو عبرتناک انجام تک پہنچانے پر سیکیورٹی فورسز کو سلام
وزیرداخلہ محسن نقوی نے خیبرپختونخوامیں کامیاب آپریشنز پر سیکیورٹی فورسز کو خراج تحسین پیش کرتے ہوئے کہا کہ 3خوارجی دہشتگردوں کو ہلاک کرنے پر سیکیورٹی فورسز کو شاباشی دیتے اور سلام پیش کرتے ہیں۔
محسن نقوی نے کہا کہ سیکیورٹی فورسز نے بروقت کارروائی کرکے خوارجی دہشتگردوں کے مذموم عزائم کو ناکام بنایا ہے، قوم کو بہادر سیکیورٹی فورسز پر ناز ہے۔
انہوں نے کہا کہ خوارجی دہشتگردوں کو پاکستان میں کہیں بھی چھپنے نہیں دیں گے، قوم کی حمایت سے دہشتگردوں کا صفایا کریں گے۔